نئی دہلی میں سفارت خانہ دھماکے سے قبل ہائی الرٹ پر تھا، اسرائیلی سفیر

اتوار 31 جنوری 2021 20:10

نئی دہلی میں سفارت خانہ دھماکے سے قبل ہائی الرٹ پر تھا، اسرائیلی سفیر
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2021ء) بھارت میں اسرائیلی سفیر نے کہا ہے کہ سفارت خانہ موصول ہونے والی 'دھمکیوں' کی وجہ سے ہائی الرٹ ہے اور گزشتہ روز باہر دھماکے سے قبل ہائی الرٹ پر تھا۔غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رون مًلکا نے کہا کہ وہ جمعہ کو ہونے والے حملے پر حیران نہیں ہیں، جس میں کوئی نقصان نہیں ہوا تاہم تین گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

سفارت خانے کے روڈ ہفتہ کے روز بھی سیل رہا اور فرانزک ماہرین نے ذمہ داروں کے تعین کے لیے شواہد اکٹھے کیے تاہم بھارتی پولیس اب تک اسے 'سنسنی پھیلانے کی بھونڈی کوشش' قرار دے رہی ہے۔رون ملکا نے ٹیلی فونک انٹرویو میں کہا کہ دوسری صورت میں اس کا انجام مختلف ہوسکتا تھا، تاہم ہم خوش قسمت رہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ بالخصوص ان دنوں میں بالکل تیار ہیں اور چند دھمکیوں کی وجہ سے ہم نے الرٹ بڑھا دیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا کہ تفتیش کاروں کو اسرائیلی سفیر کے نام پر لکھے گئے خط ملا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ خط میں ایرانی شہیدوں قاسم سلیمانی اور محسن فخری زادہ کے حوالے دیتے ہوئے کم شدت کے دھماکے کو ٹریلر قرار دیا گیا،ایران کے سب سے طاقتور ملٹری کمانڈر سمجھے جانے والے قاسم سلیمانی جنوری 2020 میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔ایران کے جوہری پروگرام کے بانی محسن فخری زادہ کو نومبر میں قتل کردیا گیا تھا جس کا الزام ایران نے اسرائیل پر عائد کیا تھا،سال 2012 میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے نئی دہلی میں اسرائیلی سفارت کاری کی گاڑی پر بم حملے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا تھا، جس میں 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔

نئی دہلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں