کویت: جائے حادثہ پر اکٹھے ہونے والے لوگ خود حادثے کا شکار ہو گئے

تیز رفتار کار کی ٹکر سے جائے حادثہ پر موجود 8 لوگ زندگی سے محروم ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 30 مئی 2019 14:57

کویت: جائے حادثہ پر اکٹھے ہونے والے لوگ خود حادثے کا شکار ہو گئے
کویت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،30 مئی 2019ء) کویت کے علاقے کبد میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ کویت نیوز ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کبد کے علاقے میں مختلف گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ تاہم گاڑیوں کے یوں اکٹھا ہونے پر لوگ اس منظر کو دیکھنے کے لیے سڑک پر اکٹھے ہو گئے۔

اسی دوران ایک تیزرفتار کار آئی اور سڑک پر موجود لوگوں کو کچُل کر رکھ دیا۔ اس حادثے میں موقع پر موجود آٹھ افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی سے محروم ہو گئے۔ جبکہ ایک شخص ہسپتال میں انتہائی تشویش ناک حالت میں پڑا زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ کویت فائر سروس ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، پولیس اور طبی امداد کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں۔

(جاری ہے)

تاہم کچھ لوگ تیز رفتار کار کی ٹکر کے باعث موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔ یہ ایک انتہائی افسوس ناک نظارہ تھا ۔ واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے عوام سے بارہا اپیل کی جا چکی ہیںکہ وہ حادثات کے وقت سڑک پر گاڑیاں روک کر کھڑے نہ ہوا کریں اور نہ ہی جائے وقوعہ پر رش لگا کریں کیونکہ دُور سے آتی تیز رفتار گاڑیوں کو پتا نہیں چلتا کہ آگے کیا وقوعہ ہو چکا ہے۔ جس کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ جاتا ہے۔ جبکہ سڑک پر اس ٹریفک جام کے باعث امدادی ٹیموں کو بھی بروقت پہنچنے میں دُشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس سے حادثے کے شکار افراد کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں