کورونا کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی‘ کویت نے آج سے نئی سفری پابندیاں لگا دیں

کویت کا سفر کرنے والے تمام افراد کو خلیجی ملک پہنچنے سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا‘ 9 جنوری سے ملک میں بند مقامات پر سماجی تقریبات بھی معطل کردی گئیں

Sajid Ali ساجد علی منگل 4 جنوری 2022 10:45

کورونا کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی‘ کویت نے آج سے نئی سفری پابندیاں لگا دیں
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 04 جنوری 2022ء ) خلیجی ملک کویت نے کورونا کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی کے باعث آج سے نئی سفری پابندیاں لگا دیں ، کویت کا سفر کرنے والے تمام افراد کو خلیجی ملک پہنچنے سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔ مقامی میڈیا کے مطابق کویت کی سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کویت آنے والے تمام مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کا منفی سرٹیفکیٹ جمع کرانے تک ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی ، یہ منفی پی سی آر ٹیسٹ کویت داخل ہونے سے 72 گھنٹے کے اندر کروانا لازمی ہوگا ، ان پابندیوں کا اطلاق منگل 04 جنوری 2022ء سے کیا گیا ہے۔

اسی طرح کویت کی حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بند مقامات پر سماجی تقریبات عارضی طور پر معطل کردی ہیں ، یہ فیصلہ کویتی کابینہ کی جانب سے کیا گیا ، جس کا اطلاق 9 جنوری 2022ء سے ہوگا ، کویتی حکومت نے یہ فیصلہ ملک میں وبائی امراض کے حالات کے پیش نظر کیا۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ کویت میں کورونا کیسز کی تعداد میں ایک بار پھر سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، جہاں 03 جنوری 2022ء کو کورونا کے یومیہ کیسز کی تعداد 982 تک پہنچ چکی ہے اور ملک اب تک رپورٹ ہونے والے مجموعی کورونا کیسز کی تعداد 4 لاکھ 19 ہزار 314 ہو چکی ہے۔

علاوہ ازیں عالمی وباء کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے خطرے کے پیش نظر کویت نے اپنے شہریوں کو برطانیہ سمیت 3 ملک فوری چھوڑنے کا مشورہ دے دیا ، کویتی سفارتخانوں نے ان ممالک میں موجود اپنے شہریوں کے لیے بیانات جاری کردیے ، کویتی حکومت کی جانب سے اپنے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر برطانیہ ، فرانس اور جرمنی سے نکل جائیں کیوں کہ مذکورہ تینوں ممالک میں اومی کرون وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

اس حوالے سے ان تینوں ممالک میں موجود کویت کے سفارتخانوں کی طرف سے الگ الگ بیانات جاری کیے گئے ہیں ، جن میں کویت کے شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی شکل اومی کرون تیزی سے پھیل رہی ہے اور وائرس میں مبتلاء افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث ضروری ہے کہ کویتی شہری پہلی فرصت میں مذکورہ ممالک سے نکل جائیں ، اس ضمن میں مزید معلومات یا کسی بھی سوال کے جواب کے لیے مذکورہ ممالک میں کویتی سفارتخانوں سے رابطے کا کہا گیا ہے جہاں شہریوں کی سہولت کیلئے 24 گھنٹے عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں