کویت نے بیوی بچوں کیلئے فیملی ویزہ کے اجراء کا اشارہ دے دیا

دیگر غیرملکیوں کیلئے بھی ویزہ پابندیوں میں نرمی کا امکان ظاہر کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 31 اگست 2023 14:15

کویت نے بیوی بچوں کیلئے فیملی ویزہ کے اجراء کا اشارہ دے دیا
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 اگست2023ء ) خلیجی ملک کویت نے بیوی بچوں کیلئے فیملی ویزہ حاصل کرنے کی اجازت دے دی۔ مقامی اخبار روزنامہ السیاسہ نے رپورٹ کیا ہے کہ کویت کی وزارت داخلہ نے وزارت صحت میں غیر ملکی طبی عملے کو بعض شرائط کے تحت بیوی بچوں کے لیے فیملی ویزہ حاصل کرنے کی اجازت دینے کا اشارہ دیا ہے، جس سے دیگر غیرملکیوں کیلئے بھی پابندیوں میں نرمی کا امکان پیدا ہوا ہے۔

اس حوالے سے نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الصباح کی جانب سے وزیر صحت ڈاکٹر احمد العوادی کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے غیر ملکی طبی عملے کے بیوی بچوں کو ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی ہے، تاہم اس کے لیے بچوں میں لڑکوں کی عمر 15 سال سے کم اور لڑکیوں کی عمر 18 سال سے کم ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

معتبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد طبی ادارے کے استحکام کو یقینی بنانا اور مختلف شعبوں میں ملک کو درکار مہارت رکھنے والوں کو ملک سے جانے سے روکنا ہے، جن میں خاص طور پر طبی عملہ، کنسلٹنٹس اور نایاب مہارت رکھنے والے افراد شامل ہیں، تاہم وزارت داخلہ نے باقاعدہ طور پر ابھی تک ویزہ کے اجراء یا اس کے دوبارہ شروع ہونے سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وزارت داخلہ کے مجاز حکام بھرتی کے پورے عمل میں ضابطوں اور قوانین کے تحت ہر قسم کے داخلے کے ویزوں کے اجراء کے لیے ایک نئے طریقہ کار کا مطالعہ کر رہے ہیں، وزارت داخلہ کے لیگل ڈیپارٹمنٹ کے زیر مطالعہ نئے ضوابط میں سے سرکاری اور نجی شعبوں میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے لیے فیملی ویزہ کے حصول کے لیے تنخواہ کی حد کو 500 دینار سے 800 دینار تک بڑھانا ہے۔ رپورٹ میں ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ فیملی ویزہ حاصل کرنے کے خواہشمند اپنے اصل ورک پرمٹ پیش کرنے کے پابند ہوں گے، جس کا مطلب ہے اب رہائشی امور کے محکمے کسی بھی ایسی دستاویز کو قبول نہیں کریں گے جس میں کہا گیا ہو کہ تارکین وطن اپنے اصل آجر کے علاوہ کسی بھی ادارے سے اضافی تنخواہ وصول کر رہا ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں