25 سال تک بغیر ویزہ کویت میں رہنے والا غیرملکی آخرکار پکڑا گیا

ملزم 29 سال قبل خلیجی ملک آیا‘ صرف 4 سال قانونی اقامہ پر رہنے کے بعد سے وہ غیرقانونی طور پر مقیم تھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 ستمبر 2023 17:27

25 سال تک بغیر ویزہ کویت میں رہنے والا غیرملکی آخرکار پکڑا گیا
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 ستمبر 2023ء ) کویت پولیس نے 25 سال ویزہ کے بغیر ملک میں رہنے والے مصری شہری کو گرفتار کرلیا۔ مقامی اخبار روزنامہ القبس نے رپورٹ کیا ہے کہ رہائشی امور کے تفتیشی اہلکاروں نے کویت کے مضافات بشمول المطلعہ فارمز میں رہائش گاہوں اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو نشانہ بنانے والی حفاظتی مہم کے دوران ایک مصری شہری کو گرفتار کیا ہے جو خود کو ‘رمسیس II’ کہتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والے کی عمر 56 سال ہے، جو 1998ء سے گزشتہ 25 سالوں سے غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم ہے، مبینہ طور پر وہ 29 سال قبل ملک میں آیا، اس کے بعد سے اس نے کویت نہیں چھوڑا اور 1995ء سے المطلعہ فارمز کے علاقے میں کام کر رہا ہے، جہاں صرف 4 سال قانونی اقامہ پر رہنے کے بعد سے وہ بغیر ویزہ مقیم تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس شخص نے افسران کو دھوکہ دیتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اہلکاروں نے اسے پکڑ لیا، گرفتار مصری شہری کو اپنے ملک کے سفارت خانے کی طرف سے سفری دستاویز کے اجراء کے انتظار میں جلاوطنی کے مرکز میں رکھا گیا ہے جہاں مجموعی طور پر حالیہ کارروائی کے دوران اقامہ و روزگار قوانین کی خلاف ورزی پر 248 غیر قانونی تارکین کو گرفتار کرکے رکھا گیا ہے، زیر حراست افراد کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ کویتی حکام ان دنوں مختلف کارروائیاں کررہے ہیں، اسی کے تحت غیرملکیوں کے ورک پرمٹ میں ترمیم کیلئے نئی شرائط عائد کی گئی ہیں، افرادی قوت کے لیے کویت کی پبلک اتھارٹی نے تارکین وطن کے لیے ورک پرمٹ سے متعلق نام، تاریخ پیدائش اور قومیت جیسے ذاتی ڈیٹا میں ہونے والی تبدیلیوں کے لیے نئے ضوابط متعارف کرائے ہیں، جن کے تحت ان تفصیلات کو براہ راست ورک پرمٹ پر تبدیل نہیں کیا جا سکے گا بلکہ اس کی بجائے ایسی تبدیلیوں کے خواہاں آجروں اور کفیلوں کو ایک مخصوص طریقہ کار پر عمل کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں