عمان واپسی کے منتظر پاکستانی ویزہ ہولڈرز کے لیے شاندار خوش خبری

عمانی حکومت نے یکم اکتوبر سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 9 ستمبر 2020 16:38

عمان واپسی کے منتظر پاکستانی ویزہ ہولڈرز کے لیے شاندار خوش خبری
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 ستمبر2020ء) خلیجی ریاست عمان کی جانب سے ویزہ ہولڈرز کو شاندار خوش خبری سُنا دی گئی ہے۔ سلطنت عمان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عنقریب عمان میں بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی ہٹالی جائے گی۔ عمانی حکومت کے مطابق یکم اکتوبر 2020سے بین الاقوامی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔ گلف نیوز کے مطابق کوروناوائرس سے نمٹنے کی خاطر بنائی گئی اعلیٰ نگران کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ یکم اکتوبر 2020سے عمان میں انٹرنیشنل فلائٹ آپریشنز پر عائد پابندی ختم کر دی جائے گی۔

جس کے بعد مختلف ممالک سے پروازیں عمان آ سکیں گی اور عمان سے دیگر ممالک کو بھی پروازیں روانہ ہوں گی۔تاہم فلائٹ آپریشنز مکمل طور پر بحال نہیں کیا جا رہا، بلکہ مرحلہ وار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ابتدائی میں ایسے اسٹیشنز سے پروازیں بحال ہوں گی جہاں کورونا کی وبا پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ کورونا گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کئی فضائی کمپنیوں سے دو طرفہ معاہدے بھی کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ عمان میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد مارچ 2020ء سے بین الاقوامی پروازیں معطل کر دی گئی تھیں۔ جنہیں معطل ہوئے تقریباً چھ ماہ ہوگئے ہیں۔ تاہم اب عمانی حکومت نے فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عمانی حکومت نے سلطنت میں کورونا کیسز میں کمی کے بعد یہ فیصلہ کہا ہے۔ عمان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 262 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اب تک مجموعی طور پر کورونا مریضوں کی گنتی 87 ہزار 72 ہوگئی ہے جبکہ 82 ہزار 406 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں