عمان نے 100 ممالک کے شہریوں کے لیے مفت ویزہ جاری کرنے کا اعلان کر دیا

عمانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ عمانی ریاست میں مفت ویزہ پر آنے والوں کے قیام کی مُدت میں بھی اضافہ کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 8 دسمبر 2020 14:41

عمان نے 100 ممالک کے شہریوں کے لیے مفت ویزہ جاری کرنے کا اعلان کر دیا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8دسمبر2020ء) خلیجی ممالک میں بھی کورونا وبا کے دوران غیر ملکی کارکنان کے حوالے سے اہم فیصلے لیے گئے ہیں جن میں سے کچھ ان کے لیے فائدہ مند اور کچھ نقصان دہ ثابت ہوئے ہیں۔ عمان نے بھی ایک اہم اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق 100 ممالک کے شہریوں کو مفت ویزہ جاری کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فری ویزہ پر آنے والوں کے ریاست میں قیام کی مُدت میں بھی 30 روز تک اضافہ کیا جا رہا ہے۔

اس فیصلے کا مقصد عمان میں سفر اور سیاحت کے شعبے کو فروغ دینا ہے۔ یہ بات عمانی وزیر خارجہ بدر البو سعیدی نے بحرین میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز کے زیر اہتمام منامہ ڈائیلاگ کانفرنس سے خطاب کے دوران بتائی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمان میں لیبر قوانین میں اہم ترامیم کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت آئندہ سے انہیں اپنا کفیل یا آجر بدلنے کے لیے این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

(جاری ہے)

یہ شرط عنقریب منسوخ کر دی جائے گی۔این او سی پالیسی کو ختم کرنا عمان کے 2040 کے ویژن کی جانب پیش رفت ہے جس سے سلطنت کی معیشت تیزی سے پھلے پھولے گی۔ عمانی وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے بتایا کہ عمانی حکومت نے لیبر قوانین میں ترمیم کا بھی اعلان کیا ہے، اس کے علاوہ نئے ٹیکسز کے نفاذ کیا جائے گا اور طویل المیعاد سبسڈی ختم کر دی جائے گی۔جبکہ کم آمدنی والے خاندانوں کو مالی تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا۔ عمانی حکومت نے کورونا کے باعث مقامی آبادی کے معاشی مشکلات کا شکار ہونے کے باعث اومانائزیشن پالیسی کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت سرکاری ملازمتوں میں غیر ملکیوں کو ہٹا کر ان کی جگہ عمانی شہریوں کو تعینات کیا جائے گا۔ 

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں