خلیجی ریاست عمان نے غیر قانونی طور پر مقیم تارکین کو بڑا ریلیف دے دیا

تارکین کو عمان سے واپس جانے یا اپنا ویزہ سٹیٹس قانونی بنوانے کے لیے مزید تین ماہ کی مہلت مل گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 5 جنوری 2021 15:21

خلیجی ریاست عمان نے غیر قانونی طور پر مقیم تارکین کو بڑا ریلیف دے دیا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جنوری2021ء) خلیجی ریاست عمان نے مملکت میں مقیم غیر قانونی تارکین پر بڑی مہربانی کرتے ہوئے انہیں مزید قیام کی مہلت دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمانی حکومت ایکسپائرڈ ویزہ ہولڈرز کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔ غیر قانونی تارکین کومملکت میں قیام کے لیے مزید تین ماہ کی مہلت مل گئی ہے۔ تارکین اب 31 مارچ 2021ء تک مملکت میں قیام کر سکتے ہیں، اس ڈیڈ لائن کے بعد انہیں عمان میں رہنے کی اجازت نہیں ہو گی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو گی۔

تاہم جو افراد عمان میں مزید رہائش رکھنا چاہتے ہیں، انہیں اس رعایتی مُدت کے دوران اپنے ایکسپائرڈ ویزہ سٹیٹس بدلوا کر اپنے قیام کو قانونی حیثیت دینا ہوگی۔ عمانی وزارت لیبر کے لیبر ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل سالم بن سعید البادی نے بتایا ”15 نومبر سے 31 دسمبر کے درمیان مملکت میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین کی گنتی 57,847 تک پہنچ گئی تھی۔

(جاری ہے)

جنہیں آپشن دی گئی تھی کہ وہ 31 دسمبر 2020ء سے قبل عمان سے چلے جائیں یا پھر اپنا ویزہ سٹیٹس بدلوا کر عمان میں مزید عرصہ قیام کر سکتے ہیں۔ اس رعایتی مُدت کے دوران 12,378 افراد اسکیم سے فائدہ اٹھا کر عمان کو خیر باد کہہ گئے۔ عمان نیوز ایجنسی (ONA) سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ غیر قانونی تارکین کو عمان میں قیام کی دی گئی رعایتی مہلت اگرچہ 31 دسمبر 2020ء کو ختم ہو گئی تھی، تاہم اب اس مہلت میں مزید تین ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، جس کے بعد غیر قانونی تارکین 31 مارچ 2021ء کی ڈیڈ لائن تک عمان سے واپس جا سکتے ہیں یا اپنا ویزہ سٹیٹس تبدیل کروا سکتے ہیں۔

“واضح رہے کہ عمان نے نئے کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی فضائی آپریشنز معطل کر دیئے تھے، جو اتوار کے روز سے بحال کر دیئے گئے ہیں، جس کے باعث ہزاروں افراد کی عمان میں واپسی ممکن ہو گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں