خلیجی ریاست عمان میں آج سے جزوی لاک ڈاؤن کا نفاذ ہو گا

کورونا کیسز بڑھنے کے باعث 4 مارچ سے 11 مارچ تک رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک تمام تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 مارچ 2021 13:22

خلیجی ریاست عمان میں آج سے جزوی لاک ڈاؤن کا نفاذ ہو گا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 مارچ2021ء) خلیجی ریاست عمان میں آج سے جزوی لاک ڈاؤن کا نفاذ ہو جائے گا۔ یہ جزوی لاک ڈاؤن 4 مارچ سے 11مارچ تک ایک ہفتے کے لیے نافذ العمل ہو گا۔ عمان کی انسداد کورونا کمیٹی کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے کے بعد ایک ہفتے کے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جس کے تحت 4 مارچ سے 11مارچ تک تمام صوبوں اور شہروں میں رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک تمام کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

اس پابندی کا اطلاق سیاحتی مراکز، ریسٹورنٹس، کیفے شاپس پر بھی ہو گا۔ جبکہ ہوم ڈلیوری بھی معطل رہے گی۔ تاہم ہسپتال، ہیلتھ مراکز، میڈیکل اسٹورز اور پٹرول پمپس کو ساری رات کھُلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔ اس ایک ہفتے کے دوران تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

(جاری ہے)

جبکہ 7 مارچ سے 11 مارچ تک مملکت بھر میں آن لائن تعلیم دی جائے گی۔ 11 مارچ سے قبل مملکت میں کورونا کیسز کی صورت حال کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد تعلیمی اداروں کو کھولنے یا مزید کچھ عرصہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

عمانی حکومت نے یہ اقدام کورونا وائرس کے پھیلاوٴ کور روکنے کے لیے اْٹھایا ہے۔ واضح رہے کہ دْنیا بھر کی طرح خلیجی ریاست عمان کو بھی کورونا وبا کا سامنا ہے۔ مملکت میں کورونا کیسز بڑھنے اور کورونا کی نئی قسم سامنے آنے کے باعث گزشتہ ماہ عمانی حکومت نے کئی ممالک کے باشندوں کے عمان میں داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی تھی۔ عمانی حکومت نے جن ممالک سے تعلق رکھنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کی ان میں سوڈان ، لبنان ، برازیل ، جنوبی افریقا ، نائجیریا،تنزانیہ ، گھانا ، ایتھوپیا ، گنی اور سیرالیون شامل ہیں۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں