خلیجی ریاست عمان نے رات کا کرفیو ختم کر دیا

رمضان میں باجماعت نماز اور تراویح پر پابندی عائد ہو گی، رات کے وقت کاروباری سرگرمیاں یکم رمضان سے بحال کی جائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 9 اپریل 2021 16:12

خلیجی ریاست عمان نے رات کا کرفیو ختم کر دیا
مسقط(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9 اپریل2021ء) خلیجی ریاست عمان نے رات کا کرفیو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تاہم کاروباری سرگرمیوں پر پابندی یکم رمضان کو ہٹائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق عمان میں جمعرات کو شہریوں اور گاڑیوں کے لیے رات کا کرفیو ختم کر دیا گیا ہے لیکن رمضان کے شروع ہونے تک کاروباری سرگرمیاں شام کو بند کرنے کی پابندی برقرار ہے۔

اُردو نیوز کے مطابق بازاروں اور دکانوں کے لیے شام آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک کاروباری سرگرمیاں معطل رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔سرکاری میڈیا عمان نیوز ایجنسی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کاروباری سرگرمیاں رمضان کی پہلی صبح تک شام آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک معطل رہیں گی۔عمانی حکام نے اس سے قبل کورونا وائرس کے پھیلاوٴ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے تھے، جن میں مساجد میں باجماعت تروایح اور ہر طرح کے اجتماعات پر پابندی شامل ہے۔

(جاری ہے)

تمام معاشرتی اور ثقافتی سرگرمیاں، کھیل اور دیگر سرگرمیاں جو گروپ میں ہوتی ہیں پر بھی رمضان کے دوران پابندی رہے گی۔عمان میں داخلہ بھی عمانی شہریوں اور شہریت رکھنے والے تک محدود رکھا گیا ہے جبکہ رمضان کے دوران سمندر پار سفر پر پابندی کے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔ تاہم ضرورت کے تحت سفر کی اجازت دی گئی ہے۔عْمان میں سرکاری اسکولز میں8اپریل آن لائن کلاسز جاری رہیں گی۔

جبکہ بارھویں جماعت کے سٹوڈنٹس آن کیمپس اور آن لائن دونوں طرح سے پڑھائی کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ خلیجی ریاست عمان میں 4 مارچ سے جزوی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔ جس کے تحت تمام صوبوں اور شہروں میں رات 8 بجے سے صبح 5 بجے تک تمام کاروباری و تجارتی سرگرمیاں معطل کر دی گئی تھیں۔ اس پابندی کا اطلاق سیاحتی مراکز، ریسٹورنٹس، کیفے شاپس پر بھی کیا گیا تھا جبکہ ہوم ڈلیوری بھی معطل کی گئی تھی۔ تاہم ہسپتال، ہیلتھ مراکز، میڈیکل اسٹورز اور پٹرول پمپس کو ساری رات کھُلا رکھنے کی اجازت تھی۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں