سمندری طوفان شاہین کا رخ تبدیل ہوگیا،متحدہ عرب امارات میں شہریوں کیلئے الرٹ جاری

شہریوں کو ساحلی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کرنے کی تلقین، عمان میں بھی ہنگامی اقدامات، ساحلی علاقے خالی کرنے کی اپیل، تعطیلات کا اعلان

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 اکتوبر 2021 23:16

سمندری طوفان شاہین کا رخ تبدیل ہوگیا،متحدہ عرب امارات میں شہریوں کیلئے الرٹ جاری
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اکتوبر2021ء) سمندری طوفان شاہین کا رخ تبدیل ہوگیا، متحدہ عرب امارات میں شہریوں کیلئے الرٹ جاری، عمان میں بھی ہنگامی اقدامات۔ تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان شاہین نے اپنا رخ تبدیل کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سمندری طوفان شاہین اس وقت بحیرہ عرب کے شمال مغرب میں موجود ہے، طوفان کے گرد ہواوں کی رفتار 115 سے 126 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، سسٹم کے مرکز میں سمندر میں شدید طغیانی ہے۔

طوفان تیزی سے مسقط کی جانب سے بڑھ رہا ہے اور آئندہ چند گھنٹوں کے بعد عمان میں طوفانی بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ جبکہ متحدہ عرب امارات کے شمالی ساحلی علاقوں میں بھی سمندری طوفان شاہین کے اثرات پڑنے کا امکان ہے۔ اس صورتحال میں متحدہ عرب امارات کی نیشنل ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ساحلی علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کیا جائے۔

(جاری ہے)

شہریوں کے نام جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ کئی اماراتی علاقے 5 اکتوبر تک سمندری طوفان شاہین کے زیر اثر ہوں گے، لہذا حکام کی جانب سے دی جانے والی تمام ہدایات پر ہر صورت عمل کیا جائے۔ دوسری جانب خلیجی ریاست عمان میں شاہین کے اثرات سب سے زیادہ شدید ہونے کا امکان ہے، اس صورتحال میں عمان میں بھی ہنگامی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ عمانی حکام نے ساحلی علاقوں پر رہائش پذیر افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری اپنے گھروں کو چھوڑ کر ایمرجنسی پناہ گاہوں میں منتقل ہو جائیں۔ اس کے علاوہ عمانی حکام نے اتوار اور پیر کو ملک بھر میں تعطیلات کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سمندری طوفان شاہین کی آمد کے بعد اپنی نقل و حرکت کو ہر ممکن طور پر محدود رکھیں۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں