عمان ؛ ولایت نزوا میں دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی

فائر فائٹنگ ٹیموں نے بروقت کارروائی سے کمرشل اسٹورز میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا‘ جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 29 دسمبر 2021 14:11

عمان ؛ ولایت نزوا میں دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی
مسقط ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 دسمبر 2021ء ) خلیجی سلطنت عمان کی ولایت نزوا میں دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی‘ فائر فائٹنگ ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔ عمانی میڈیا کے مطابق عمان کے محکمہ شہری دفاع اور ایمبولینس اتھارٹی (سی ڈی اے اے) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ الدخیلیہ گورنری میں آج صبح کے وقت کمرشل اسٹورز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی اطلاع ملنے پر شہری دفاع اور ایمبولینس ڈیپارٹمنٹ کی فائر فائٹنگ ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچتے ہوئے ولایت نزوا میں کمرشل اسٹورز میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا ، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔

اسی طرح مسقط کی گورنری میں محکمہ شہری دفاع اور ایمبولینس ڈیپارٹمنٹ کی فائر فائٹنگ ٹیموں نے سیب کی ولایت میں الجفنین کے علاقے میں ایک کمپنی میں ایک کارواں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا اس واقعے میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ جنوبی شرقیہ گورنری میں محکمہ شہری دفاع اور ایمبولینس کی فائر فائٹنگ ٹیموں نے آج صبح سویرے صور کی ولایت میں ایک گھر میں لگنے والی آگ پر قابو پایا جہاں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب خلیجی سلطنت عمان میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے مشروط کمپنیوں کے لیے نئی سروس شروع کردی گئی ، 'انوسٹ ایزی' پورٹل کے ذریعے آن لائن سرمایہ کاری کے لائسنسنگ سروس سے تمام کمپنیوں کو اپنے منصوبوں کے لیے سیلف سروس یا سروس سینٹرز کے ذریعے لائسنس حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔ عمان کی وزارت تجارت ، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاری سے مشروط کمپنیوں کے لیے ایک نئی سروس شروع کی گئی ہے ، وزارت نے 'انوسٹ ایزی' پورٹل کے ذریعے آن لائن سرمایہ کاری کے لائسنسنگ سروس کا آغاز کیا ہے ، جو تمام کمپنیوں کو اجازت دیتا ہے کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے قانون کے تحت اپنے منصوبوں کے لیے سیلف سروس یا سروس سینٹرز کے ذریعے لائسنس حاصل کر سکیں۔

وزارت تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے انڈر سیکریٹری برائے سرمایہ کاری اسیلا بنت سلیم الصمیہ بتاتی ہیں کہ اس سروس کا مقصد سلطنت عمان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی قسم اور حجم کا ایک ڈیجیٹل ڈیٹا بیس بنانا ہے ، اگلے مرحلے کے دوران ، وزارت ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کی کوشش کررہی ہے ، جو اقتصادی جہت پر توجہ مرکوز کرتی ہے اور تجارت ، صنعت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے شعبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک واضح طریقہ کار کے مطابق مستقبل کے کام کو تیار کرتی ہے ، تاکہ کاروبار کے لیے ایک محرک ماحول فراہم کیا جا سکے۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں