عمان میں انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ پکڑا گیا

شمالی بطینہ اور مسندم میں کوسٹ گارڈ پولیس نے 29 دراندازوں کو گرفتار کیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 مئی 2023 11:44

عمان میں انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ پکڑا گیا
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 مئی 2023ء ) عمان میں انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ رائل عمان پولیس (آر او پی) کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ سلطنت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے پر 29 دراندازوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ آر او پی سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی بطینہ اور مسندم میں کوسٹ گارڈ پولیس نے 29 دراندازوں کو گرفتار کیا جب وہ غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے، رائل عمان پولیس کی طرف سے انسانی سمگلنگ سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے تحت جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ ریسرچ نے عرب قومیت کے لوگوں کے ایک گروہ کو گرفتار کیا جس پر انسانی سمگلنگ کا الزام ہے، گرفتار افراد سے تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں اور جلد انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اسی طرح عمان کے ساحلی محافظوں نے مسندم کے ساحل سے اسمگلروں سے شراب کے 1200 سے زائد کین ضبط کرلیے، اس حوالے سے عمانی پولیس نے بتایا کہ کوسٹ گارڈ نے مسندم پولیس افسران کے ساتھ مل کر 3 افراد اور ممنوعہ سامان کو لے جانے والی کشتی کو پکڑنے کے لیے کارروائی کی، اس دوران گرفتار کیے گئے مشتبہ سمگلروں کا ایشیائی ملک سے ہے، جن کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ مسندم عمان کا سب سے شمالی گورنریٹ ہے اور آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات کے ایک انکلیو کے طور پر داخل ہوتا ہے، عمان کی 3,165 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی، جو جزیرہ نما عرب میں سب سے طویل ہے، اس کی لمبائی اور وہاں سے گزرنے والے جہازوں کی تعداد کی وجہ سے وہاں گشت کرنا مشکل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عمان میں 21 سال یا اس سے زیادہ عمر والوں کے لیے شراب پینا قانونی ہے، جہاں غیر مسلموں کو اجازت نامہ کے ساتھ شراب فروخت کرنے کی اجازت ہے، عمانی حکام اکثر اس کی بندرگاہوں پر اسمگل شدہ شراب ضبط کرتے ہیں اور ممنوعہ اشیاء فروخت کرنے کے الزام میں لوگوں کو گرفتار کرتے ہیں، عمانی کسٹمز نے گذشتہ فروری میں الوجاہ بندرگاہ پر شراب کی 16 ہزار سے زائد بوتلیں ضبط کی تھیں۔

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں