عمان اور سعودی عرب کا مشترکہ وزٹ ویزہ کے اجراء پر اتفاق

غیرملکی سیاحوں کو ایک ہی ویزے اور مشترکہ سیاحتی کیلنڈر کے ذریعے اپنی طرف متوجہ کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 7 جون 2023 17:02

عمان اور سعودی عرب کا مشترکہ وزٹ ویزہ کے اجراء پر اتفاق
مسقط ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 جون 2023ء ) عمان اور سعودی عرب نے مشترکہ وزٹ ویزہ کے اجراء پر اتفاق کرلیا۔ عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب اور عمان کے درمیان متفقہ سیاحتی ویزا متعارف کروانا ان متعدد اقدامات میں سے ایک تھا جس پر دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطح کی میٹنگ میں اتفاق کیا گیا، اس مقصد کے لیے سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے اپنے عمانی ہم منصب سلیم المہروقی سے ملاقات کے دوران مشترکہ سیاحتی کیلنڈر اور دونوں ممالک کے درمیان موسمی دوروں کی سہولت پر بھی تبادلہ خیال کیا، دونوں وزراء نے سیاحت سے متعلق منصوبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ صنعت میں حصہ لینے والے کاروباری افراد کی مدد کرنے پر بھی غور کیا، دونوں رہنماؤں نے کیمپنگ اور ایڈونچر ٹورازم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مشترکہ سیاحتی پروگراموں کو نافذ کرنے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے۔

(جاری ہے)

سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی عرب اور عمان منصوبوں کا مقصد غیرملکی سیاحوں، دونوں ممالک کے شہریوں اور جی سی سی ممالک کے رہائشیوں کو متحد ٹورسٹ ویزا، موسمی پروازوں اور مشترکہ سیاحتی کیلنڈر کے ذریعے اپنی طرف متوجہ کرنا ہے، یہ مشترکہ اقدام خاص طور پر سیاحت میں سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرتا ہے، اس شعبے میں کاروباری افراد کی حمایت اور گزشتہ دسمبر میں جی سی سی کے رہنماؤں کی جانب سے منظور کردہ حکمت عملی کے تحت سیاحت کے انسانی وسائل کی تربیت کی جائے گی۔

سعودی وزیر سیاحت الخطیب نے کہا کہ میرے بھائی عمانی وزیر ثقافت و سیاحت، سلیم المہروقی کی دعوت پر میں نے برادر سلطنت عمان کا دورہ کیا اور ہم نے مشترکہ تعاون کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا، ہم نے نیشنل میوزیم کا بھی دورہ کیا، اور اس دورے کے دوران ہم نے دونوں برادر ممالک کے درمیان مشترکہ سیاحتی اقدامات اور پروگراموں کا ایک پیکج شروع کیا، ان اقدامات میں خلیجی سیاحت کی حکمت عملی کے تحت سیاحت کے شعبے میں تربیت اور انسانی سرمائے کی ترقی شامل ہے، جس پر گزشتہ نومبر میں خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے رہنماؤں نے تبادلہ خیال کیا تھا، پروموشن، مارکیٹنگ، ٹورازم ایکٹیویشن، ریگولیشنز، ہوائی رابطوں اور موسمی پروازوں پر مشتمل معاہدے بھی تھے۔

اس حوالے سے عمانی وزیر المحروقی کا کہنا تھا کہ دعوت کا مثبت جواب دینے اور متعدد اقدامات کو ہم آہنگ کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی سرپرستی کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ کے دورے کے دوران زیر بحث اور نشاندہ کیے گئے مقاصد کے مطابق سیاحت کے شعبے کو ناگزیر طور پر فائدہ پہنچائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

مسقط میں شائع ہونے والی مزید خبریں