جدہ: حساس طبیعت سعودی شہزادی نے اپنا روزہ 300یتیم بچوں کے ساتھ افطار کیا

مملکت کی اہم بزنس مین شہزادی دُعا اپنی فلاحی و رضاکارانہ سرگرمیوں کی وجہ سے جانی جاتی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 28 مئی 2019 13:21

جدہ: حساس طبیعت سعودی شہزادی نے اپنا روزہ 300یتیم بچوں کے ساتھ افطار کیا
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،28 مئی 2019ء) رمضان کا مہینہ ایثار اور احساس کا مہینہ ہے۔ اگر کسی کے دستر خوان پر دُنیا بھر کی غذائی نعمتیں موجود ہوں اور اس میں کسی مستحق کو شریک نہ کیا جائے تو خُدا کی خوشنودی حاصل نہیں ہو سکتی۔ بھُوکے رہ کے ہی مفلس اور تنگدست لوگوں کی مشکلات اور تکالیف کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ یہی روزے کا مقصد ہے۔ شہزادی دُعا بنت محمد جہاں ایک طرف مملکت کی ممتاز کاروباری خاتون ہیں تو دُوسری طرف وہ پسماندہ افراد کی مشکلات کو دُور کرنے کے حوالے سے اپنی فلاحی و خیراتی سرگرمیوں کے باعث بھی خاصی شہرت رکھتی ہیں۔

شہزادی دُعا کی اسی انسانیت پرست طبیعت کو دیکھتے ہوئے اُنہیں اقوام متحدہ کی جانب سے بچوں کی امن کمیٹی کا سفیر بھی مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

شہزادی دُعا نے جدہ کے الماساہ سیلیبریشن ہال میں300 یتیم بچوں کے لیے افطار پارٹی کا اہتمام کیا۔ اس افطار پارٹی میں مملکت کی نامور کاروباری ، مخیر اور رضاکارانہ سرگرمیوں میں دلچسپی لینے والی خواتین نے بھی شرکت کی۔

اس افطار پارٹی کا مقصد معاشرے میں یتیموں کے لیے احساس و ہمدردی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ کیونکہ یتیموں کے حقوق کا خیال رکھنا مذہبی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور سعودی کلچر میں پائی جانے والی روایتی مہمانداری کا تقاضا بھی ہے۔ اس افطار تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد سعودی عرب کا قومی ترانہ بجایا گیا۔ شہزادی دُعا نے اپنی تقریر میں کہا ”اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یتیموں کی نگہداشت کرنا اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ایک ہے۔ اس موقع پر اُنہوں نے شاہی خاندان کے افراد اور دیگر مہمانوں کا یتیم بچوں کی خوشیوں میں شریک ہونے پر ڈھیر شکریہ ادا کیا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں