خلیجی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے، حکام کی جانب سے وارننگ جاری کر دی گئی

سعودی عرب ، کویت اور متحدہ عرب امارات میں درجہ حرارت 47 سے 50 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 جولائی 2019 10:47

خلیجی ممالک شدید گرمی کی لپیٹ میں آ گئے، حکام کی جانب سے وارننگ جاری کر دی گئی
جدہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 4 جُولائی 2019ء) خلیجی ممالک پر اس وقت سورج گرمی نہیں، آگ برسا رہا ہے۔ کئی مقامات پر جھُلسا دینے والی گرمی کے باعث سینکڑوں افراد بیمار پڑ چکے ہیں۔ سعودی عرب میں کئی مقامات پر گرم ہوا کا دباؤ بڑھ رہا ہے جس سے گرمی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ سعوی عرب اور متحدہ عرب امارات میں حکام کی جانب سے مقامی شہریوں اور غیر مُلکیوں کو گرمی سے بچاؤ کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

حکام نے تاکید کی ہے کہ لوگ دوپہر کے وقت اشد ضرورت کے تحت ہی گھر سے باہر نکلیں، ورنہ گھر میں قیام کرنا ہی بہتر ہو گا۔ کھُلے مقامات پر کام کرنے والے کارکنوں کو بھی رعایت دی گئی ہے کہ وہ دوپہر 12 سے 3 بجے تک کام نہیں کریں گے۔ اگر اُن کے مالکان یا متعلقہ کمپنیاں اس حکم کی خلاف ورزی کریں گی تو اُنہیں سزا اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

اگر تپتی دوپہر میں باہر نکلنا پڑے تو چھتری کا استعمال ضرور کریں۔

بصورتِ دیگر سر کو ٹوپی یا کپڑے وغیرہ سے ڈھانپ کر رکھیں۔ گردن کو ننگا نہ رکھیں کیونکہ اسے ہیٹ اسٹروک کا شکار ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ جبکہ کویت میں گرمی کی شدت کے پیش نظر جمعے کے خطبے کا دورانیہ مختصر کر دیا گیا ہے۔کویتی وزارت اسلامی امور و اوقاف نے ہدایت کی ہے کہ جن علاقوں میں آبادی زیادہ ہے وہاں جمعہ کا خطبہ دس سے پندرہ منٹ تک محدود کر دیا جائے۔ تاکہ مسجد میں رش کے باعث کھُلی جگہ پر نماز پڑھنے والوں کو تنگی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں