ریاض: سعودی عرب میں تقریباً38 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن پکڑے گئے

ڈی پورٹ کیے جانے والوں میں لاکھوں پاکستانی بھی شامل ہیں، 9 لاکھ سے زائد بے دخل کیے جا چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 7 ستمبر 2019 11:11

ریاض: سعودی عرب میں تقریباً38 لاکھ غیر قانونی تارکین وطن پکڑے گئے
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،7 ستمبر 2019ء) سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کے خلاف گھیرا روز بروز تنگ ہوتا جا رہا ہے۔ یہ تارکین کتنے بھی چھْپ کر کیوں نہ بیٹھے ہوں، پولیس کی جانب سے انہیں ڈھونڈ ڈھونڈ کر ان کی گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ سعودی وزرارت محنت و سماجی بہبود کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 26صفر 1439ھ سے لیکر6 محرم الحرام 1441ء تک مملکت بھر میں مجموعی طورپر 37 لاکھ90 ہزار173 تارکین وطن گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

اس آپریشن میں مملکت کی 19 سے زائد سیکیورٹی ایجنسیاں اور مختلف سرکاری و نجی ادارے حصّہ لے رہے ہیں جن میں سعودی وزارت محنت اور محکمہ جوازات بھی شامل ہیں۔گزشتہ 23 ماہ سے ’غیر قانونی تارکین وطن سے پاک مملکت‘ کے نام سے جاری اس مہم میں اب تک 9 لاکھ 49 ہزار افرادکو گرفتار کیے جانے کے بعد ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔

(جاری ہے)

اقامہ کی خلاف ورزی کی بناء پر گرفتار کیے گئے افراد کی گنتی 29 لاکھ 59 ہزار351سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 5 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد قانونِ محنت کی خلاف وزی پر گرفتار کیے گئے۔

529491غیرقانونی تارکین کو فوری سزائیں دی گئیں جبکہ 482600کو انکے سفارتی مشنوں کے حوالے کر دیا گیا۔یہ وہ لوگ ہیں جن کے پاس سفری دستاویز نہیں تھیں۔630054کو سفر کیلئے بکنگ کی کارروائی کا موقع دیا گیا۔940100کو مملکت سے باقاعدہ طور پر بیدخل کیا گیا۔جبکہ 62 ہزار825 افراد مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے اور 4114مملکت سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار ہوئے۔

مملکت میں دراندازی کی کوشش کے دوران گرفتار کیے جانے والوں میں سے 46فیصد یمنی، 51فیصد ایتھوپین اور باقی3 فیصد دیگر ممالک کے تھے۔ جبکہ 4498 سو کے قریب افراد غیر قانونی تارکین کو پناہ دینے، انہیں ٹرانسپورٹ کی سہولت دینے اور ملازمتیں فراہم دینے کے الزام میں گرفتار کیے گئے ہیں۔ اس وقت مملکت کے مختلف قید خانوں میں 13 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن رکھے گئے ہیں، جن میں سے مردوں کی گنتی 11 ہزار ہے جبکہ خواتین کی گنتی 2 ہزار نوٹ کی گئی ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق مملکت میں کسی ایک بھی شخص کو غیر قانونی رہائش اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے۔سعودی سرحد عبور کرتے ہوئے 64157درانداز گرفتار کئے گئے۔ ان میں 46فیصد یمنی،51فیصد ایتھوپین اور 3فیصد مختلف شہریتوں کے تھے۔علاوہ ازیں 2759سعودی عرب سے پڑوسی ممالک میں دراندازی کرتے ہوئے پکڑے گئے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں