سرکاری گزٹ میں حج، عمرہ، وزٹ اور ٹرانزٹ ویزوں کی فیس کی تفصیلات جاری کر دی گئیں

اتوار کو شائع ہونے والے سرکاری گزٹ ”ام القریٰ“ میں بتایا گیا ہے کہ تمام قسم کے ویزوں کی فیس 300 ریال ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 23 ستمبر 2019 11:31

سرکاری گزٹ میں حج، عمرہ، وزٹ اور ٹرانزٹ ویزوں کی فیس کی تفصیلات جاری کر دی گئیں
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،23 ستمبر 2019ء) سعودی عرب کا تازہ سرکاری گزٹ اتوار کو شائع ہونے کے بعد مختلف قسم کے ویزوں کی فیس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ اگرچہ کافی دِنوں پہلے میڈیا پر یہ خبریں آ گئی تھیں کہ حج، عمرہ، وزٹ اور ٹرانزٹ تمام قسم کے ویزوں کی فیس 300 ریال مقرر کی گئی ہے، تاہم اس حوالے سے عوام سرکاری سطح پر تصدیق نہ ہونے کی باعث گومگو کا شکار تھے۔

مگر سرکاری گزٹ میں تمام قسم کے ویزوں کی فیس کے حوالے سے تفصیلات جاری کر دی گئیں۔اُم القریٰ میں درج تفصیلات کے مطابق سنگل انٹری ویزے پر 300 ریال فیس وصول کی جائے گی، اس ویزے پر آنے والا سعودی عرب میں ایک ماہ تک قیام کر سکتا ہے۔ چاہے یہ سنگل انٹری ویزہ، عمرہ، سیاحت، کاروبار یا عزیز و اقارب سے ملاقات کسی بھی مقصد کے لیے لیے گیا ہو۔

(جاری ہے)

ملٹی پل ویزہ کی فیس بھی 300ریال ہے تاہم اس میں ایک بار قیام کی مُدت 3 ماہ ہو گی اور اسے ایک سال میں کئی بار استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس ویزے کے اجراء کے بعد اسے تین ماہ تک استعمال کیا جا سکتا ہے۔ حج ویزے کی فیس 300 ریال ہے، یہ ویزہ صرف حج سیزن کے لیے ہی کارآمد ہو گا۔ جبکہ فضائی، بحری یازمینی راستے سے سعودی عرب کے ٹرانزٹ ویزے کی فیس بھی 300 ریال مقرر کی گئی۔ اس ٹرانزٹ ویزے کی صورت میں سعودی سرزمین پر 96 گھنٹے یعنی چار روز تک قیام کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی ویژن 2030ء کے مطابق سعودی حکومت نے 30ملین افراد کو 2030ء تک عمرہ ویزہ جاری کرنے کا ہدف طے کیا ہے۔ فیسوں میں حالیہ ترامیم بھی اس ویژن کو مد نظر رکھ کر ہی کی گئی ہیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں