سعودی عرب میں اس بار سردی عذاب بن گئی

ایک بار پھر آج جمعہ کے روز سے سردی کی نئی لہر آ رہی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 فروری 2020 12:32

سعودی عرب میں اس بار سردی عذاب بن گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7فروری 2020ء) سعودی مملکت میں سردی اس بار لگتا ہے لمبی مُدت کے لیے ڈیرے ڈال کر بیٹھ گئی ہے۔ گزشتہ مہینے بھی کئی بار موسم معتدل ہو گیا اور یوں لگا کہ سردی رخصت ہو گئی ہے۔ مگر سردی کئی بار جاتی جاتی لوٹ آئی۔ اس با ر شدید سردی نے گرم موسم کے عادی سعودی عوام نے صحیح معنوں میں کڑاکے نکال دیئے ہیں۔ تاہم ابھی اُن کے جسموں کو ٹھنڈ کے ایک اور امتحان سے گزرنا پڑے گا۔

سعودی گزٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت کے بیشتر علاقوں میں ایک بار پھر سردی کی نئی اور شدید لہر آ رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے مطلع کیا ہے کہ آج جمعة المبارک کے روز سے مملکت کے کئی علاقے شدید سردی کی نئی لہر کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔ جبکہ کئی مقامات پر شدید گرد و غبار چھایا رہے گا۔

(جاری ہے)

اس سردی کی وجہ سے ایک بار پھر درجہ حرارت میں خاصی کمی ہو جائے گی۔

خصوصاً تبوک، حائل اور الجوف کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت منفی تک گِر جائے گا جبکہ اتوار کی شام کو ان علاقوں میں سردی کی شدت اتنی بڑھ جائے گی کہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آ جائے گا۔تبوک ، الظہر، علقان اور دیگر مقامات پر پھر سے برف باری ہونے کا امکان ہے۔ سردی کی آج سے شروع ہونے والی یہ لہر منگل تک جاری رہے گی۔جس کے باعث مدینہ منورہ، الشرقیہ اور مشرقی ریجن بھی متاثر ہوں گے۔

خصوصاً شمالی علاقوں میں یخ بستہ تیز ہوائیں چلیں گی۔ واضح رہے کہ اس بار سعودی عرب میں سردی اور بارشوں نے نظامِ زندگی بُری طرح سے معطل کر رکھا ہے۔ اس بار مکہ مکرمہ کا گرم خطہ بھی سردی کی لہر کے باعث ٹھٹھر کر رہا گیا ہے۔ اکثر زائرین کو بھی یہاں پر گرمی کی بجائے ٹھنڈ کی صورت میں سرپرائز مِلا ہے۔ اس وقت بھی سعودی عرب میں سردی پورے زور و شور سے پڑ رہی ہے۔

کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔ ایسا ہی ایک علاقہ الدوادمی ہے جہاں اس وقت درجہ حرارت منفی 3 ڈگری تک نیچے آ چکا ہے۔جبکہ سردی کی شدت سے الدوادمی کے نلکوں میں پانی جم گیا ہے۔چند روز قبل الدوادمی کے ایک مقامی کسان نے اپنے کھیتوں میں نصب ایک ٹیوب ویل کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں سے نکلنے والا پانی شدید سردی کے باعث جما ہوا دکھائی دے رہا تھا۔اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے بہت حیرت کا اظہار کیا تھا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں