نرسوں اور استانیوں کو گالیاں دینے اور مذاق اُڑانے والا سعودی طالب علم گرفتار

قصیم کے نوجوان نے ایک ریپ سونگ کے ذریعے خواتین و مرد اساتذہ کی توہین آمیز ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 16 مئی 2020 16:54

نرسوں اور استانیوں کو گالیاں دینے اور مذاق اُڑانے والا سعودی طالب علم گرفتار
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16مئی 2020ء) اُستاد کو روحانی باپ کہا جاتا ہے، اُستاد انسان کو فرش کی پستی سے اُٹھا کر آسمان کی بلندیوں تک لے جاتا ہے۔ اسلامی معاشرے میں خاص طور پر اُستانیوں اور اساتذہ کا خاص احترام اور مقام مقرر کیاگیا ہے اور اساتذہ کی نافرمانی کرنے والوں کو بے مُراد اور ناکام بتایا جاتا ہے۔ عام طور پر بچے بچیاں اپنے خواتین اور مرد ٹیچرز کو بہت احترام دیتے ہیں، تاہم چند ایک ایسے بھی ہوتے ہیں جو استاد کی حُرمت اور اُونچی شان سے ناواقف رہتے ہیں اور ان کی توہین بھی کر ڈالتے ہیں۔

ایسا ہی ایک معاملہ سعودی عرب میں بھی سامنے آیا ہے، جہاں ایک انتہائی گستاخ شاگرد نے اپنے مرد اور خواتین ٹیچرز کی توہین کر ڈالی۔ المرصد کے مطابق پولیس کے قصیم سے تعلق رکھنے والے ایک کم سن لڑکے کو گرفتار کیا ہے، جس کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اس ویڈیو میں لڑکے نے ایک ریپ سونگ کی صورت میں اپنے اسکول کی استانیوں اور اساتذہ کے بارے میں بُرے خیالات کا اظہار کیا ہے، انہیں گالیاں نکالی ہیں، بُرے بُرے القابات سے نوازا ہے اور تُھو تُھو کر کے ان سے نفرت اور بیزاری کا اظہار کیا ہے۔

اس سے قبل اس نوجوان نے کئی اور قابلِ اعتراض ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھیں، ایک ویڈیو میں ملازمین کو بُرا بھلا کہا گیا تھا جبکہ ایک اور ویڈیو میں بھی نرسوں کے بارے میں شرمناک الفاظ ادا کیے تھے۔ ان ویڈیوز کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے سخت ردِعمل ظاہر کیا اور اس کم سن نوجوان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔

صارفین کا کہنا تھا کہ مہذب افراد اپنے ٹیچرز کو اپنے والدین سے بھی زیادہ احترام دیتے ہیں، کیونکہ یہی لوگ بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے ان کی زندگیاں بدل دیتے ہیں، مگر اس نوجوان نے اپنی حرکت تمام سعودی عوام کو شرمسار کر دیا ہے۔صارفین کی شکایت کے بعد وزارت داخلہ نے ایکشن لیتے ہوئے اس نوجوان کو گرفتار کر لیا اور اس سے ابتدائی تفتیش کے بعد اسے استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ 

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں