سعودی عرب،106 سالہ خاتون بیٹوں اور پوتوں سمیت شفایاب

سعودی خاتون 21 روز تک زیر علاج رہنے کے بعد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئی، 70 سالہ بیٹا اور 60 سالہ بیٹی بھی صحت یاب ہو گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 10 جولائی 2020 17:29

سعودی عرب،106 سالہ خاتون بیٹوں اور پوتوں سمیت شفایاب
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جولائی 2020ء) دُنیا بھر میں کورونا کی وبا اپنے پنجے پُوری طرح گاڑ چکی ہے۔ اس مہلک مرض کے باعث پانچ لاکھ افراد اپنی زندگیاں ہار چکے ہیں۔ کورونا کی بیماری زیادہ تر بزرگ افراد کو موت کے قریب لے جاتی ہے، اسی وجہ سے کورونا کے ہاتھوں مرنے والوں میں 60 سے زائد عمر کے افراد کی شرح بہت زیادہ ہے۔ بہت خوش نصیب بزرگ ہی اس بیماری میں مبتلاہونے کے بعد اس سے بچ پاتے ہیں۔

سعودی عرب میں ایک معمر خاتون نے کورونا کو شکست دے کر سب کو حیران کر دیا ، کیونکہ اس خاتون کی عمر 106 سال ہے۔ اس طرح یہ بزرگ خاتون کورونا سے صحت یاب ہونے والی مملکت کی بزرگ ترین شخصیت بن گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق طائف میں کورونا وائرس کی شکار 106 سالہ خاتون بیٹوں اور پوتوں سمیت شفایاب ہوگئی۔

(جاری ہے)

بنی سعد کے جدارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والی 106 سالہ خاتون میڈیکل کمپلیکس میں 21 دن تک زیر علاج رہی اور کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر اسے گھر جانے کی اجازت دی گئی۔

خاتون کے ساتھ اس کا 70 سالہ بیٹا اور 60 سالہ بیٹی بھی کورونا کے باعث زیر علاج تھے، وہ بھی مکمل شفایاب ہو کر گھر روانہ ہو گئے۔طبی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معمر خاتون کے بیٹے، پوتے اور پوتیوں کو بھی کورونا ہوگیا تھا اور وہ سب قرنطینہ میں رہے، ان میں سے بعض شفایاب ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل رفحا کی رہائشی غیبة شامان الشمری جن کی عمر 106 سال ہے،وہ بھی کورونا سے صحت یاب ہو چکی ہیں۔

بزرگ خاتون کے بیٹے متعب الشمری نے بتایا کہ ان کی والدہ کی طبیعت خاصی خراب رہی، یہاں تک کہ ہسپتال میں علاج کے دوران پہلے تین روز ان کی آواز بھی سُنائی نہیں دیتی۔ والدہ کو پہلے بھی سانس کا مسئلہ رہتا تھا، تاہم جب انہیں کورونا ہو گیا تو ہم سب ان کے بارے میں بہت فکر مند ہو گئے تھے۔ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ڈاکٹروں کے بہترین علاج سے وہ دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ آئی ہیں۔

متعب الشمری نے بتایا کہ ان کی والدہ نے سعودی عرب کے بانی کا دور بھی دیکھا ہے۔انہیں سعودی عرب کے قیام سے پہلے کے واقعات بھی یاد ہیں۔ اس کے علاہ شاہ سعود،شاہ عبدالعزیز، شاہ فیصل، شاہ خالد، شاہ فہدکے ادوار کے واقعات بھی انہیں اچھی طرح یاد ہیں۔ اس بزرگ خاتون کو خود شمالی ریجن کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد نے وڈیو کال کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ 

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں