سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی واپسی میں ابھی 2 سے 3 ماہ لگ سکتے ہیں

سعودیہ میں ڈھائی ہزار کے لگ بھگ پاکستانی شہری قید ہیں، 11 سو کی رہائی جلد ہو سکتی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 1 جون 2021 11:41

سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی واپسی میں ابھی 2 سے 3 ماہ لگ سکتے ہیں
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم جون 2021ء) سعودیہ میں پاکستان کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں قید گیارہ سو قیدیوں کی واپسی جلد ممکن نہیں ہے۔ اس معاملے میں ابھی 2 سے 3 ماہ مزید لگ سکتے ہیں ۔ اُردو نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستانی سفیر کا کہنا تھا بلال اکبر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں اس وقت ڈھائی ہزار کے لگ بھگ پاکستانی شہری مختلف جرائم کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

ان قیدیوں میں سے 11 سو کے قریب ایسے ہیں جن کے جرائم کی نوعیت کم سنگین اور ان کی سزائیں کم ہیں۔ ان قیدیوں کی پاکستان منتقلی کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے بعد اس کے طریقہ کار پر عمل کیا جارہا ہے اور اس میں مزید 2 سے 3 مہینے لگیں گے۔لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر کا کہنا تھا کہ سعودی جیلوں میں ایسے 400 سے 500 پاکستانی بھی قید ہیں جو جرمانے ادا نہ کئے جانے کی وجہ سے رہا نہیں ہوسکے، اس سلسلے میں بھی پیش رفت ہو رہی ہے، فنڈز کی فراہمی کے لیے حکومت کو احساس پروگرام، بیت المال یا او پی اایف کے فنڈز کو استعمال کرنے کی تجاویز بھجوائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ہمیں احساس پروگرام سے فنڈز ملنے کی امید ہے، اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان جلد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے گزشتہ ڈھائی ماہ میں رضا کاروں کی مدد سے رقم جمع کرکے 54 قیدیوں کو رہا کرایا گیا ہے۔واضح رہے کہ 2019 میں وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے دورہ پاکستان کے دوران درخواست کی تھی کہ وہ سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں، جس کے بعد سعودی عرب نے دو ہزار سے زائد پاکستانیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ ماہ رمضان المبارک کے آخری ایام میں وزیر اعظم نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس میں سعودی عرب میں سزایافتہ قیدیوں اور انسداد جرائم کے سلسلے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، ان معاہدوں پر سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز اور پاکستان کی جانب سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے دستخط کیے تھے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں