تقریباً 32 سال بعد سعودیہ سے تعلقات بحال‘ تھائی لینڈ کے مسلمانوں کا طویل انتظار ختم ہوا

تعلقات کی مکمل بحالی کے بعد عمرہ کی ادائیگی اور زیارتوں کیلئے تھائی مسلمانوں کا پہلا گروپ سعودی عرب پہنچ گیا ‘ جدہ کے کنگ عبدالعزیز ہوائی اڈے پر زائرین کا پرتپاک استقبال کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 4 مارچ 2022 15:36

تقریباً 32 سال بعد سعودیہ سے تعلقات بحال‘ تھائی لینڈ کے مسلمانوں کا طویل انتظار ختم ہوا
جدہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 04 مارچ 2022ء ) تقریباً 32 سال بعد دونوں ممالک کے تعلقات مکمل طور پر بحال ہونے کے بعد تھائی زائرین کا پہلا گروپ سعودی عرب پہنچ گیا ‘ جدہ کے کنگ عبدالعزیز ہوائی اڈے پر زائرین کا پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ عکاظ اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اس سال کے شروع میں مکمل سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد سے تھائی مسلمان زائرین کا پہلا گروپ اس ہفتے سعودی عرب پہنچا ہے ، عازمین سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ کے کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عمرہ اور زیارتوں کے لیے پہنچے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ تھائی زائرین کا گروپ بنکاک سے سعودی قومی کیریئر السعودیہ کی طرف سے چلائی جانے والی پرواز میں سوار ہو کر مملکت پہنچے تو سعودی وزارت حج و عمرہ ، جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن اور ایئرپورٹ کے حکام نے ان کا استقبال کیا تاہم گروپ کی تعداد کے بارے میں نہیں بتا یا گیا۔

(جاری ہے)

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ تقریباً 32 سالوں میں دونوں ممالک کے مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی کے دو ماہ سے بھی کم وقت کے بعد سعودی ایئر لائنز نے اس ہفتے کے شروع میں مملکت اور تھائی لینڈ کے درمیان اپنی پروازیں دوبارہ شروع کیں، اس حوالے سے سعودی قومی حج و عمرہ کمیٹی کے رکن ہانی العمیری نے کہا کہ سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے درمیان مکمل سفارتی تعلقات کی بحالی کے فوائد میں سے ایک براہ راست پروازوں کی واپسی ہے جو عازمین کو مملکت میں پرواز کرنے اور ان کی آمد کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی اجازت دیتی ہے۔

خیال رہے کہ 1989ء میں قیمتی جواہرات کی چوری کے معاملے پر خراب ہونے والے تعلقات کو رواں برس جنوری میں اسلام کی جائے پیدائش سعودی عرب اور تھائی لینڈ نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مکمل طور پر بحال کرنے اور سفیروں کے تبادلے پر اتفاق کیا ، اس اقدام پر اتفاق تھائی وزیراعظم پرایوت چان اوچا کے ایک تاریخی سرکاری دورے کے دوران کیا گیا جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی ، جس کے بعد سے سعودی عرب نے تھائی لینڈ کے ساتھ تعلقات بحال کر لیے ہیں اور دونوں ممالک نے تقریباً 32 سال بعد پہلی بار سفیروں کا تقرر بھی کیا۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں