سعودی عرب میں منشیات کی فروخت میں ملوث 2 پاکستانی گرفتار

پولیس افسران نے جدہ میں دو ڈیلرز کے زیر استعمال ایک اڈے پر چھاپہ مارا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 23 نومبر 2024 15:02

سعودی عرب میں منشیات کی فروخت میں ملوث 2 پاکستانی گرفتار
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 نومبر 2024ء ) سعودی عرب میں منشیات کی فروخت میں ملوث 2 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ المرصد اخبار کے مطابق جدہ گورنریٹ میں سکیورٹی فورسز نے گشت کے دوران پاکستانی شہریت کے حامل ایک رہائشی اور ایک تارکین وطن کو میتھم فیٹامائن منشیات فروخت کرنے پر گرفتار کیا، اس مقصد کے لیے وزارت داخلہ کی جانب سے احکامات کی روشنی میں کارروائی کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ پولیس افسران نے جدہ میں دو ڈیلرز کے زیر استعمال ایک اڈے پر چھاپہ مارا جہاں انہیں گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے 9.6 کلو گرام منشیات میتھم فیٹامائن (شبو) برآمد ہوئی، جس پر انہیں فوری گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور انہیں مجاز اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول نے ریاض کے علاقے میں بھی پاکستانی شہریت کے ایک رہائشی کو (6.6) کلو گرام نشہ آور میتھم فیٹامائن (شبو) فروخت کرنے پر گرفتار کیا، اسے گرفتار کرنے کے بعد اس کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ سعودی عرب میں قتل اور ہیروئن سمگلنگ کے الگ الگ جرم پر 2 پاکستانیوں کو سزائے موت بھی دی گئی ہے، ایک پاکستانی شہری علی اکبر نور احمد نے ان کے درمیان جھگڑے کی وجہ سے سعود بن علی بن بخیت الشیبانی کو سر پر تیز دھار چیز ماری اور پھر گاڑی اس کے اوپر چڑھا دی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہوئی، واقعے کے بعد سکیورٹی حکام مذکورہ شخص کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے اور اس کی تفتیش کے نتیجے میں اس پر جرم کے ارتکاب کا الزام ثابت ہوا اور اسے مجاز عدالت میں بھیج دیا۔

عدالت کی جانب سے حکم جاری کیا گیا کہ ملزم کی طرف منسوب جرم ثابت ہونے کے باعث انتقام کے طور پر اس کو بھی قتل کر دیا جائے، پاکستانی شہری نے فیصلے کے خلاف اپیل کی تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے بھی سزائے موت کو برقرار رکھا گیا، اس پر عمل درآمد کے لیے ایک شاہی حکم جاری ہوا جس کے بعد مجرم علی اکبر نور احمد کو منگل کے روز مکہ المکرمہ کے علاقے میں شریعت کے مطابق سنائے جانے والے فیصلے کے تحت سزائے موت دے دی گئی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں