پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے زیر اہتمام قائدِ جمہوریت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 97ویں سالگرہ کی پروقار تقریب

muhammad ali محمد علی پیر 13 جنوری 2025 22:40

پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے زیر اہتمام قائدِ جمہوریت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 97ویں سالگرہ کی پروقار تقریب
جدہ (رپورٹ حسن بٹ، اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جنوری2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی سعودی عرب کے زیر اہتمام قائدِ جمہوریت شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 97ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی سینیٹر سحر کامران تھیں، جنہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بھٹو شہید کی قیادت اور ان کے انقلابی نظریات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

تقریب کی صدارت صدر پیپلز پارٹی سعودی عرب، چوہدری تصور حسین نے کی، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سینئر رہنما آفتاب علی ترابی نے انجام دیئے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس کی سعادت محمد علی نے حاصل کی۔ تقریب میں جیالوں نے "نعرہ بھٹو" کے فلک شگاف نعروں کے ساتھ تقریب میں جوش و خروش پیدا کیا اور سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے کارکنان، جیالے، اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر پیپلز پارٹی سعودی عرب چوہدری تصور حسین، سینئر نائب صدر ملک جاوید حسین، عدیل صدیقی، چوہدری ذوالفقار، صدر مسلم کانفرنس سردار اشفاق احمد خان، چیئرمین مسلم لیگ ن اکرم گجر، اور دیگر مقررین نے بھٹو شہید کی قیادت اور ان کے کارناموں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور اسے ناقابلِ تسخیر ملک کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا۔

ان کے ترقی پسند نظریات آج بھی پاکستانی عوام کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ تقریب کی مہمان خصوصی سحر کامران نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھٹو شہید قائداعظم محمد علی جناح اور لیاقت علی خان کے بعد واحد رہنما تھے، جنہوں نے پاکستانی عوام کو عزت سے جینے کا درس دیا۔ ان کی قربانیوں کو بھٹو کے جیالے آج بھی یاد کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ملک کے تمام رہنما عوام کی فلاح اور پاکستان کی محبت کو ترجیح دیں، تو ملک کے تمام مسائل کا حل ممکن ہو سکتا ہے۔ تقریب کے اختتام پر شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو، اور پیپلز پارٹی کے تمام شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ اس موقع پر کبابش آرٹس کونسل کے صدر علی خورشید ملک نے بھی خصوصی شرکت کی۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں