پاکستان انویسٹرز فورم کا نیا سالانہ سلوگن جاری: "آؤ، پاکستان کو عظیم تر بنائیں"

muhammad ali محمد علی جمعہ 10 جنوری 2025 18:02

پاکستان انویسٹرز فورم کا نیا سالانہ سلوگن جاری: "آؤ، پاکستان کو عظیم تر بنائیں"
جدہ (رپورٹ حسن بٹ، اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جنوری2025ء) پاکستان انویسٹرز فورم نے نئے سال کے لیے سلوگن "آؤ، پاکستان کو عظیم تر بنائیں" جاری کر دیا۔ فورم کی سالانہ تقریب جدہ میں منعقد ہوئی، جس میں قونصل جنرل جدہ خالد مجید، کمرشل قونصلر سعدیہ خان، فورم کے سابق اور موجودہ عہدیداران، ممبران، اور کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نےبڑی تعداد نے شرکت کی۔



تقریب میں نظامت کے فرائض چوہدری ظہیر احمد نے ادا کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر انویسٹرز فورم چوہدری شفقت محمود نے کہا کہ اگر ہر اوورسیز پاکستانی ہر ماہ 370 ڈالر یا اس سے زیادہ زرمبادلہ پاکستان بھیجے تو ملکی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے اور قرضوں سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)


چوہدری شفقت محمود نے فورم کی سالانہ کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں سعودی چیمبر آف کامرس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ ملاقاتیں کیں، جہاں انہیں بھرپور حمایت ملی۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ فورم جلد ہیلتھ سیکٹر میں نئی پیش رفت کرے گا، جس کے لیے سعودی اداروں سے معاونت حاصل کی جا چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے پاکستان بھیجا جانے والا زرمبادلہ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے، اور اگر اوورسیز پاکستانی 300 ڈالر بینکوں کے ذریعے بھیجیں تو معیشت مزید ترقی کی جانب گامزن ہو سکتی ہے۔

کمرشل قونصلر سعدیہ خان نے فورم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان انویسٹرز فورم نہ صرف اپنی توقعات پر پورا اتر رہا ہے بلکہ اس سے بڑھ کر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اس سال فروری کے اوائل میں جدہ میں پاکستانی مصنوعات کی تین روزہ نمائش منعقد ہوگی، جس میں پاکستان سے 130 کمپنیوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس نمائش کا مقصد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے اپنے خطاب میں پاکستانی سرمایہ کاروں کو تلقین کی کہ وہ کسی بھی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر پاکستان کی ترقی کے لیے کام کریں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ قونصلیٹ انویسٹرز فورم کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا، اور ان کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے قونصلیٹ کی نئی عمارت میں فورم کے لیے خصوصی دفتر فراہم کیا جائے گا۔

تقریب سے پریس قونصل چوہدری عرفان، فیصل طاہر خان، اور فورم کے بانی اراکین نقاب خان اور سلمان آرائیں نے بھی خطاب کیا اور سرمایہ کاری سے متعلق اپنے تجربات بیان کیے۔ انہوں نے پاکستانی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں