مکہ بس حادثے میں جاں بحق بیشترعمرہ زائرین کا تعلق پاکستان سے ہے

میڈیا رپورٹس کے مطابق بیشتر پاکستانی زائرین کی لاشیں پُوری طرح جل چکی ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 17 اکتوبر 2019 12:07

مکہ بس حادثے میں جاں بحق بیشترعمرہ زائرین کا تعلق پاکستان سے ہے
مکہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17اکتوبر2019ء) گزشتہ روز رات کے وقت مکہ کے نزدیک عمرہ زائرین کی ایک بس کو خوفناک حادثہ پیش آیا تھا۔ جس کے باعث 35 عمرہ زائرین جاں بحق ہو گئے جبکہ 4 زخمی ہیں۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اس حادثہ میں جاں بحق ہونے والے بیشتر عمرہ زائرین کا تعلق پاکستان سے ہے، اور باقی چند عرب زائرین تھے۔

جن کی جلی ہوئی لاشیں مردہ خانوں میں منتقل کردی گئی ہیں۔تاہم ابھی تک اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی صحیح تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔ تمام بدنصیب افراد سعودی عرب میں ہی مقیم تھے اورعمرہ ادائیگی کی غرض سے ریاض سے ہجرہ روڈ کے ذریعے مکہ مکرمہ جا رہے تھے۔ جب اُن کی بس ایک ہیوی لوڈر سے ٹکرانے کے باعث خوفناک حادثے کا شکار ہوئی اور اچانک بھڑکنے والی آگ نے چند لمحوں میں ہی بس اور اس میں سوار تمام مسافروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

حادثے کے نتیجے میں سڑک پہ دور تک بس کے جلتے ہوئے ٹکڑے بکھر گئے۔مدینہ منورہ پولیس کے مطابق اس بس کا ڈرائیور شامی تارک وطن تھا جس کی جلی ہوئی لاش اسپتال کے سرد خانے میں موجود ہے۔سعودی ہلال احمر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ بُدھ کی شام 6 بج کر 49 منٹ پر رُونما ہوا تھا۔ جب ہلال احمر کی امدادی ٹیمیں وہاں پہنچیں تو صرف 4 افراد زخمی تھے جبکہ باقی مسافر بس میں ہی جل کر جاں بحق ہو گئے تھے۔

زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جبکہ متوفین کی نعشوں کو مردہ خانے پہنچا دیا گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی قریبی ہسپتالوں میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کردیا گیا تھا۔گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے اس واقعہ کے اسباب جاننے کے لئے ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت کردی ہے۔ایک عرب صحافی نے اس واقعے کی ویڈیو بھی ٹویٹر پر شیئر کی ہے۔

مکہ مکرمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں