نگراں وزیراعظم کی روضہ رسول ﷺ پر حاضری

انوار الحق کاکڑ نے ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور دعائیں مانگیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 ستمبر 2023 12:59

نگراں وزیراعظم کی روضہ رسول ﷺ پر حاضری
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 ستمبر 2023ء ) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ مسجد نبویﷺ گئے جہاں انہوں نے روضہ رسولﷺ پر حاضری دی، ریاض الجنہ میں نوافل ادا کیے اور دعائیں مانگیں۔ سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ مسجد نبوی ﷺ پہنچے تو انتظامیہ کے انڈر سیکریٹری ڈاکٹر سلطان بن منیع اللہ المطیری، مسجد نبوی سکیورٹی فورس کے کمانڈر کرنل متعب بن نعیمان البدرانی اور دیگر عہدیداروں نے ان کا خیرمقدم کیا، نگران وزیراعظم نے مسجد نبویﷺ سے ملحقہ عالمی میلے اور سیرت نبویﷺ اور اسلامی تہذیب سے متعلقہ عجائب گھرکا بھی دورہ کیا، اس موقع پر میوزیم کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سیکرٹری ڈاکٹر ناصر مسفیر الزہرانی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعظم کو دورہ کے موقع پر تاریخی عجائب گھرکے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی جس میں نبی آخرالزمانﷺ کی زندگی اورتعلیمات کے ساتھ ساتھ اسلامی تہذیب کو بھی اجاگرکیا گیا ہے۔

(جاری ہے)


وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے میوزیم کو سراہتے ہوئے اسلامی ورثے کے تحفظ اوراسے نمایاں کرنے کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہا، ڈاکٹر ناصرمسفیر الزہرانی نے وزیراعظم کوشیلڈ اور کتابیں پیش کیں جو پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان اسلامی ورثے اور باہمی افہام وتفہیم کے فروغ کے رشتے کی علامت ہے، مدینہ منورہ میں عالمی میلہ اور میوزیم پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ کی زندگی اوراسلامی تہذیب نمایاں کرنے کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ یہ میوزیم نمائشوں اور ملٹی میڈیا پریزینٹیشنزکے ساتھ ایک عمیق تجربہ پیش کرتا ہے اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ سے متعلق تاریخ ، اہم واقعات اورتعلیمات پر روشنی ڈالتا ہے، اس میوزیم میں مختلف شعبوں میں اسلامی تہذیب کی کامیابیوں کو بھی دکھایا گیا ہے، میوزیم بین المذاہب مقالمے، افہام و تفہیم کو فروغ اورمتنوع عقائد اور تقاضوں کے احترام کے فروغ کا مرکز ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ پاکستان کے نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ بدھ کی رات عمرے کی ادائیگی کےلیے نجی دورے پر سعودی عرب پہنچے، گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نگراں وزیر اعظم کا خیرمقدم کیا، جہاں پاکستان کے سفیراحمد فاروق، قونصل جنرل خالد مجید، پاکستانی سفارت خانے اور جدہ قونصلیٹ جنرل کے افسران بھی موجود تھے، اس موقع پر مدینہ منورہ ریجن کے کمانڈر میجر جنرل فہد بن سعود الجہنی، ریجن کے پولیس ڈائریکٹر میجر جنرل یوسف بن عبداللہ الزھرانی، رائل پروٹوکول آفس کے ڈائریکٹر ابراہیم بن عبداللہ بری نے بھی نگران وزیراعظم کا استقبال کیا۔

مدینہ منورہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں