سعودی عرب بھی اپنا خلا باز عنقریب بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجے گا

رُوس اور سعودی عرب کے درمیان خلائی اداروں کے درمیان اس حوالے سے معاہدہ طے پا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 اکتوبر 2019 11:26

سعودی عرب بھی اپنا خلا باز عنقریب بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجے گا
ریاض(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15اکتوبر2019ء) متحدہ عرب امارات کے بعد اب سعودی عرب کی جانب سے بھی خلا میں اپنا خلا باز بھیجا جائے گا۔ سعودی ویب سائٹ سبق کے مطابق سعودی خلا باز کو رُوس کے تعاون سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن بھیجا جائے گا۔ رُوسی صدر ولادی میر پیوٹن کے حالیہ سعودی عرب کے درمیان دونوں ممالک کے درمیان خلائی شعبے میں تعاون کا معاہدہ بھی طے پائے گا۔

جس کے تحت رُوس کی معاونت سے سعودی خلا باز بھی انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن بھیجا جائے گا۔ سبق کے مطابق رُوس اور سعودی کے خلائی اداروں کے درمیان باہمی تعاون کے مذاکرات رواں سال کے آغاز سے جاری ہیں۔ جس میں یہ بات بھی طے پائی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان نے 1985ء میں خلائی شٹل ڈسکوری میں سفر کیا تھا۔

(جاری ہے)

اس لحاظ سے وہ پہلے عرب، سعودی اور مسلمان فرد ہیں جنہیں خلا میں جانے کا اعزاز حاصل ہوا۔ تاہم وہ انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن نہیں گئے تھے۔بطور پہلے عرب خلا نورد انٹرنیشنل سپیس سٹیشن جانے کا اعزاز اماراتی شہری ہزاع المنصوری نے حاصل کیا ہے۔  المنصوری 25 ستمبر 2019ء کو قزاقستان میں واقع بیکانور کے خلائی مرکز سے سوئز ایم ایس 15 خلائی جہاز سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی جانب روانہ ہوئے تھے۔

انہوں نے اس اہم مشن پر روانہ ہونے سے قبل اللہ کے حضور اپنے خلائی مشن کی کامیابی کے لیے دُعا کی تھی۔۔ہزاع المنصوری خلیفہ بن زاید ائیر کالج سے 2004ء میں گریجوایٹ ہوئے تھے اور وہ فوجی ہوابازی میں چودہ سالہ تجربے کے حامل ہیں۔ المنصوری اور سلطان النیادی یواے ای کے خلائی پروگرام کے تحت تربیت پانے والے خلانوردوں کے پہلے بیچ سے تعلق رکھتے ہیں۔اس پروگرام کا مقصد تربیت یافتہ اماراتی خلانوردوں کی ایک ایسی کھیپ تیار کرنا ہے جس کو مختلف سائنسی مشنوں کے لیے خلا میں بھیجا جاسکے گا۔اس پروگرام کے تحت المنصوری اور النیادی کو ماسکو میں تربیت دی گئی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں