ریاض میں مقیم خاتون کی ہوشیاری نے اغوااور مار پیٹ میں ملوث افراد کو گرفتار کروا دیا

خاتون نے اپنے گھر کی کھڑکی سے ایک ویڈیو بنائی جس میں چند مسلح سعودی نوجوان ایک شخص کو اپنی گاڑی کی ڈِگی میں بٹھاکر اس پر تشدد کر رہے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 4 نومبر 2019 12:16

ریاض میں مقیم خاتون کی ہوشیاری نے اغوااور مار پیٹ میں ملوث افراد کو گرفتار کروا دیا
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔4 نومبر 2019ء) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک خاتون کی سمجھداری نے اغوا اور مار پیٹ میں ملوث سعودی نوجوانوں کو گرفتار کر ا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ریاض کے علاقے لبن میں چند افراد نے کسی پُرانے جھگڑے کی بناء پر ایک نوجوان کو راستے میں روک کر اُس پر تشدد کیا اور اُسے اپنی گاڑی کی ڈِگی میں بٹھا دیا۔ اتفاق سے سڑک کے سامنے والے ایک گھر میں مقیم خاتون یہ سارا واقعہ دیکھ رہی تھی۔

اُس نے فوری طور اپنے موبائل سے نوجوان پر تشدد اور اُسے اغوا کرنے والے لوگوں کی ویڈیو بنا لی اور بعد میں اسے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔ سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا تھا جس میں تین افراد نے ایک نوجوان کو کلاشنکوف سے ڈرا دھمکا کر زبردستی اپنی گاڑی کی ڈِگی میں بٹھا لیا تھا۔

(جاری ہے)

ان افراد نے متاثرہ نوجوان کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پبلک پراسیکیوٹر شیخ سعود المعجب نے اس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے اور واقعہ کی تفتیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس حوالے سے ریاض پولیس کے ترجمان کرنل شاکر التویجری نے بتایا ہے کہ اس ویڈیو میں اسلحہ لہرانے والے اور نوجوان پر تشدد کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان تینوں ملزمان کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان ہیں۔

ملزمان کو پکڑنے کے لیے اُن کی گاڑی کی شناخت کی گئی۔ اور پھر اُنہیں اُن کے ٹھکانوں سے گرفتار کر لیا گیا۔ کرنل التویجری نے بتایا کہ جس نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پولیس کی اُس تک بھی رسائی ہو گئی ہے، جسے طبی معائنے کے لیے ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ جب ملزمان کو گرفتار کیا گیا تو وہ نشے کی حالت میں تھے۔ خاتون نے یہ ویڈیو اپنے گھر کی کھڑکی سے بنائی تھی۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس خاتون کی اس ہمت اور دلیری والے اقدام کو بہت زیادہ سراہا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں