سعودی عرب میں کرفیو خلاف ورزی کی ویڈیو بنانے اور شیئر کرنے پر 5 سال قید ہو گی

سعودی حکام کے مطابق کرفیو کی خلاف ورزی ریاست کے خلاف سنگین جرائم میں شامل ہے جس پر کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 25 مارچ 2020 18:01

سعودی عرب میں کرفیو خلاف ورزی کی ویڈیو بنانے اور شیئر کرنے پر 5 سال قید ہو گی
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مارچ 2020ء) سعودی عرب میں سوموار کے روز سے جزوی کرفیو عائد ہونے کے بعد اکثر افراد کی جانب سے کرفیو کی پابندیوں کا تمسخر اُڑایا گیا اور کچھ تو کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باہر سڑکوں پر بھی آگئے اور شیخی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ویڈیوز بھی بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کر دیں۔ سعودی حکومت کی جانب سے کرفیو پابندیوں کو غیر سنجیدہ لینے والوں کے خلاف بڑا اعلان کر دیا گیا ہے۔

سعودی گزٹ کے مطابق مملکت میں جاری کرفیو کی خلاف ورزی کی ویڈیو بنانے اور اسے شیئر کرنے والوں کو پانچ سال کی قید بھُگتنا ہو گی اور 30 لاکھ ریال کا جرمانہ بھی الگ سے بھُگتنا ہو گا۔ سعودی پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کر کے لوگوں کو انتباہ کیا گیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کرنا اور اس کی ویڈیو بنانا دونوں ریاست کے خلاف بڑے جرائم میں شامل ہے، جس کے ارتکاب پر سخت سزا بھُگتنا ہو گی۔

(جاری ہے)

کیونکہ کرفیو توڑنے کی ویڈیو بنانا لوگوں کو ریاستی قوانین و احکامات کی خلاف ورزی پر اُبھارنے اور اُکسانے کے مترادف ہے۔ اس جرم کا ارتکاب کرنے والے کو سعودی سائبر کرائم قانون کی دفعہ 5 کے تحت پانچ سال قید اور 30 لاکھ ریال جرمانہ بھرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ یہ سزا ان لوگوں کے لیے بھی ہو گی جو دوسروں کی بنائی گئی خلاف قانون ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر کریں گے۔

کیونکہ ایسے لوگ معاشرے میں ابتری اور بے چینی پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔ البتہ جو لوگ کرفیو کی خلاف ورزی کی ویڈیو کے بارے میں پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو مطلع کریں گے، انہیں قانونی تحفظ حاصل ہو گا، ان سے کوئی تفتیش نہیں کی جائے گی۔ سعودی پبلک پراسیکیوشن نے مقامی اور تارکین افراد کو تنبیہ کی ہے کہ وہ اس طرح کی کسی مذموم سرگرمی میں حصہ نہ لیں اور معلومات کے حصول کے لیے مستند ذرائع پر انحصار کریں۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں