پاکستان سے 300 ڈاکٹرز سعودی عرب پہنچ گئے

مزید 200 ڈاکٹرز اگلے چند روز میں سعودی مملکت واپس پہنچ جائیں گے، تعطیلات پر پاکستان گئے ان ڈاکٹرز کی واپسی پروازیں معطل ہو جانے کے باعث نہ ہو پائی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 11 جولائی 2020 12:09

پاکستان سے 300 ڈاکٹرز سعودی عرب پہنچ گئے
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 جولائی 2020ء) پاکستان سے 300 ڈاکٹرز اپنے اہل خانہ اور دیگر طبی عملے سمیت سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ ڈاکٹرز سعودی عرب میں ملازمتیں کر رہے تھے۔ کورونا کی وبا سے پہلے یہ تعطیلات پر پاکستان واپس گئے تھے، تاہم بین الاقوامی پروازیں بند ہونے کے باعث ان کی بروقت مملکت واپس نہ ہو پائی تھی۔

اُردو نیوز کے مطابق مزید 200 پاکستانی ڈاکٹرز اور اہل خانہ جولائی کے دوسرے ہفتے واپس آنے والے ہیں۔پاکستان ڈاکٹرز گروپ ریاض نے کورنا وبا کی وجہ سے پاکستان میں پھنسے ڈاکٹروں کی سعودی عرب واپسی کے لیے کردار ادا کرنے پر ریاض میں پاکستان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا ہے۔پی ڈی آر جی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ سفیر پاکستان کی جانب سے ڈاکٹروں کی واپسی کے لیے کردار قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق پاکستان میں پھنسے کچھ ڈاکٹر واپس اپنی ڈیوٹیوں پر آ چکے ہیں۔ اپریل 2020 میں پاکستانی سفارتخانے نے سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا تھا کہ وہ کورونا بحران کے سلسلے میں جاری کوششوں میں مدد کے لیے پاکستانی ڈاکٹروں کو سعودی عرب واپس جانے کی اجازت دی جائے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ڈاکٹرز اور ان کے خاندان کی واپسی کے لیے کوششیں کرنے پر سفیر پاکستان کے مشکور ہیں۔

پی ڈی آر جی نے امید ظاہر کی ہے کہ سفیر پاکستان کی کوششوں سے باقی ڈاکٹروں کی واپسی بھی جلد ممکن ہو سکے گی۔خیال رہے کورونا وبا کی وجہ سے انٹرنیشنل فلائٹ کی بندش کے سبب سعودی عرب میں کام کرنے والے افراد پاکستان میں پھنس گئے تھے اور ان میں بہت سے ڈاکٹرز بھی شامل تھے۔اپریل میں سعودی عرب میں کام کرنے والے اور چھٹیوں پر آئیپاکستانی ڈاکٹروں نے واپس جا کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے وزارت سمندر پار پاکستانیز سے مدد مانگی تھی۔

وزارت سمندر پار پاکستانیز کی جانب سے سعودی عرب میں کمیونٹی لیڈرز کے ساتھ ہونے والے ٹاوٴن ہال اجلاس میں پاکستان ڈاکٹرز فورم کے صدر ڈاکٹر اسداللہ رومی نے کہا تھا کہ 'انھوں نے سعودی عرب میں پاکستانی سفیر کو ان پاکستانی ڈاکٹروں کی فہرست دے دی ہے۔ان کے مطابق 'یہ ڈاکٹرز سعودی عرب کے مختلف ہسپتالوں میں ملازمت کرتے ہیں لیکن چھٹیوں پر پاکستان گئے ہوئے ہیں۔ کورونا کے باعث فضائی آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے وہ واپس نہیں پہنچ سکے۔اس موقعے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندرپار پاکستانیز زلفی بخاری نے کہا تھا کہ'اگر ان ڈاکٹروں کی واپسی میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں تو خصوصی پرواز کا انتظام بھی کیا جا سکتا ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں