پاکستانی خاتون آرٹسٹ نے محمد بن سلمان اور عمران خان کی ملاقاتوں کی پینٹنگز بنا لیں

رابیہ نے ان دیدہ زیب پینٹنگز کو پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف المالکی کے حوالے کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 مئی 2021 10:43

پاکستانی خاتون آرٹسٹ نے محمد بن سلمان اور عمران خان کی ملاقاتوں کی پینٹنگز بنا لیں
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12مئی2021ء) پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان گزشتہ دنوں سعودی عرب کے دورے پرگئے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس دورے کے دوران ان کی ملاقات سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بھی ہوئی۔ اس ملاقات کو عالمی ذرائع ابلاغ نے بھی خاصی اہمیت دی۔جس کے بعد یہ افواہیں دم توڑ گئیں کہ سعودیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات ٹھیک نہیں ہے۔

ایک پاکستانی آرٹسٹ رابیہ نے محمد بن سلمان اور عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کو فن پاروں کی شکل میں پیش کرنے کے ساتھ ساتھ سعودی ولی عہد اور شاہ سلمان کی ایسی خوبصورت پینٹگز تیار کی ہیں جو دیکھنے والوں کی نظریں خیرہ کرنے کے لیے کافی ہیں۔العربیہ نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستانی آرٹسٹ رابیہ نے کہا کہ عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کی پینٹنگ تیار کرنے میں اسے ایک ہفتہ لگا۔

(جاری ہے)

رابیہ نے بتایا کہ اس نے یہ پینٹنگ پاکستان میں متعین خادم الحرمین الشریفین کے سفیرنواف المالکی کو پیش کیں اور کہا کہ وہ میری طرف سے نیک تمناؤں کے ساتھ یہ تحفہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پیش کریں۔
رابیہ نے بتایا کہ سفارت کاری کے فروغ میں فنون وثقافت کا بھی گہرا کردار ہوتا ہے۔ اس کی پینٹنگز سے الریاض اور اسلام آباد کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں رابیہ کا کہنا تھا کہ میں رنگ روغن کے ذریعے پینٹنگز کی شوقین ہوں۔ رابیہ نے ایک آرٹ کالج سے پینٹنگز کی باقاعدہ تربیت حاصل کررکھی ہے اور وہ اپنے فن پارے کئی نمائشوں میں پیش کر کے داد تحسین حاصل کرچکی ہے۔ اس کی پینٹنگز میں عرب اور عالمی سیاسی شخصیات کی ملاقاتوں کی پینٹنگز شامل ہیں اور وہ کئی ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں پاکستانی آرٹسٹ نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانیوں کے ہاں زیادہ قریب اور قابل احترام ہے۔ پاکستان کی ترقی میں سعودی عرب کا کلیدی کردار رہا ہے۔ میں نے اپنی پینٹنگز میں دونوں ممالک کے تعلقات کی گہرائی کو پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ میں اس سے قبل شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی الگ سے پینٹنگز بھی بنا چکی ہوں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں