سعودی عرب نے کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر نئے جرمانوں اور سزاؤں کا اعلان کر دیا

عید الفطر پر بھی تقریبات، مقررہ تعداد سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر بھی بھاری جرمانے ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 12 مئی 2021 14:25

سعودی عرب نے کورونا ضوابط کی خلاف ورزی پر نئے جرمانوں اور سزاؤں کا اعلان کر دیا
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12مئی2021ء) سعودی عر ب نے کوروناسے متعلق ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جرمانوں اور سزاؤں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ جس کا اطلاق فوری طور پر ہو چکا ہے۔ عید کے دوران بھی تقریبات میں حد سے زیادہ افرادکے اکٹھے ہونے پر میزبان اور مہمانوں پر جرمانے عائد ہوں گے۔ اُردو نیوز کے مطابق ان جرمانوں کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہے:
۔

اگر کسی مقام پر ایک ہی خاندان کے افراد مقررہ تعداد سے تجاوز کرتے ہیں یا ان کی رہائش گاہ مشترک نہ ہونے کی صورت میں مقام کے مالک یا ذمہ دار پر دس ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجائے گا۔
۔ رہائش گاہ ، فارم ہاوس یا کسی محلے میں کھلے مقام و تفریح گاہوں کے علاوہ ریسٹ ہاوسز میں بیک وقت مقررہ تعداد سے زائد افراد کے اکھٹا ہونے پر 15 ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔

(جاری ہے)

۔ کسی بھی قسم کی تقریب جن میں شرکا کی تعداد مقررہ حد سے تجاوز کرجائے اس کے ذمہ دار کو 40 ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔
۔ رہائش گاہوں یا زیر تعمیر عمارتوں، فارم ہاوسز میں مقررہ تعداد سے زائد کارکنوں کی موجودگی پر 50 ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجائے گا۔
۔ ایسے ادارے جہاں کارکنوں کی تعداد ایک سے پانچ تک ہو وہاں ضوابط پرعمل نہ کیے جانے کی صورت میں دس ہزار ریال جرمانہ اور دکان یا ادارہ پانچ دن کے لیے سیل کردیاجائے گا۔

۔ ایسے ادارے جہاں کارکنوں کی تعداد چھ سے 49 تک ہو وہاں خلاف ورزی ریکارڈ ہونے کی صورت میں جرمانہ 20 ہزار ریال جبکہ دکان یا ادارہ پانچ دن کیلیے بند کیا جائے گا۔
۔ وہ ادارے جہاں کارکنوں کی تعداد 50 سے 249 تک ہو گی ان پر جرمانہ 50 ہزار اور پانچ دن کے لیے ادارے کو سیل کیا جائے گا۔
۔ بڑے ادارے جہاں 250 سے زائد افراد ملازمت کرتے ہوں وہاں خلاف ورزی ریکارڈ کیے جانے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ اور پانچ دن کے لیے ادارے کو سیل کیا جائے گا۔

۔ قانون کے مطابق اگر مذکورہ خلاف ورزیاں دوبارہ ریکارڈ کیے جانے کی صورت میں جرمانہ دو لاکھ ریال جبکہ ادارے کو بند کرنے کی انتہائی مدت چھ ماہ تک ہو سکتی ہے۔
۔ ضوابط کے مطابق ہوٹل اور کفیے ٹیریاز کی بندش کا دورانیہ مختلف ہو گا جس کے مطابق ایسے ہوٹل، ریسٹورنٹ یا کیفے ٹیریا جہاں خلاف ورزی ریکارڈ کی گئی ہو پہلی خلاف ورزی پر 24 گھنٹے کے لیے سیل کیا جائے گا دوسری بار 48 گھنٹے، تیسری بار ایک ہفتے، چوتھی مرتبہ دوہفتے جبکہ پانچویں یا زائد بار خلاف ورزی ریکارڈ کیے جانے پر ایک ماہ کیلیے سیل کیاجائے گا۔


۔ کورونا سے بچاوٴ کے لیے مقررہ ایس او پیز جن میں ماسک کا استعمال، سماجی فاصلے پر عمل نہ کرنا، مارکیٹ یا ادارے میں داخل ہوتے وقت درجہ حرارت نوٹ نہ کروانا، بخار ہونے کی صورت میں مقررہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے، متعلقہ اہلکاروں کو اپنی صحت کے حوالے سے مخصوص ایپ نہ دکھانے پر جرمانہ ایک ہزار ریال تک ہو گا جبکہ خلاف ورزی دوبارہ دھرائے جانے کی صورت میں جرمانہ کی رقم ایک لاکھ ریال تک بھی بڑھائی جاسکتی ہے۔

۔ قانون کے مطابق ایسے افراد جو مسجد الحرام میں بغیر پرمٹ کے جاتے ہیں ان پر ایک ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔
۔ کسی بھی نوعیت کی تقریب منعقد کرنے اور اس کیلیے دعوت دینے والے پر 5 ہزار ریال جرمانہ کیاجائے گا جبکہ متعدد بار اسی سزا کا ارتکاب کرنے پر جرمانہ کی رقم ایک لاکھ ریال تک کی جاسکتی ہے۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں