سعودی عرب میں بچی کی چیتے کے ساتھ سڑک پر گھومنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی

ٹک ٹاک پر وائرل ویڈیو میں بچی کو کار میں سے چیتے کو باہر نکالتے دکھایا گیا ہے، سعود ی حکام نے ویڈیو بنانے والے کی تلاش شروع کر دی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 24 مئی 2021 13:19

سعودی عرب میں بچی کی چیتے کے ساتھ سڑک پر گھومنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24مئی2021ء) سعودی عرب میں خونخوار جانوروں کو پالنے اور انہیں گھروں میں رکھنے پر سخت سزا دی جاتی ہے۔ تاہم بہت سے لوگ چوری چھپے اپنے اس شوق کی تسکین کرتے رہتے ہیں۔ مگر ایسا کبھی دیکھنے میں نہیں آتا کہ کوئی چھوٹی عمر کا بچہ بچی کسی خونخوار جانور کو لے کر گھوم پھر رہی ہو۔ سعودیہ میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے لوگوں کو خوف زدہ کر دیا ہے جس میں ایک بچی کو چیتے کے ساتھ سڑک پر گھومتے پھرتے دکھایا گیا ہے۔

لوگوں نے اس ویڈیو کو سعودی پولیس کورپورٹ کر دیا ہے اور بچی کے سرپرستوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے جنہوں نے اسے اس خونخوار جانور کے ساتھ گھومنے پھرنے کی اجازت دی اور اس کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔ اس ویڈیو میں دکھایا گیا ہے
کہ ایک بچی کار سے باہر آتی ہے اور پھر کار میں موجود ایک چیتے کو بھی باہر نکالتی ہے۔

(جاری ہے)

اس چیتے کے گلے میں بندھی رسی کو بچی نے پکڑ رکھا ہے اور وہ اس جانور کے ساتھ تیز تیز چلنے کی کوشش کرتی ہے۔ اسی دوران چیتا رسی چھُڑا کر تیز بھاگنے کی کوشش کرتا ہے مگر بچی کی رسی پر مضبوط گرفت کی وجہ سے ایسا نہیں کر پاتا۔ اس ویڈیو کے حوالے سے سعودی مرکز برائے فروغ جنگلی حیات نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاوٴنٹ پر آگاہ کیاہے کہ کہ اس ویڈیوکو پوسٹ کرنے والے کا پتا چلایا جا رہا ہے۔

متعلقہ حکام نے اس ویڈیو کی چھان بین شروع کر دی ہے۔ بچی کو چیتے کی رسی پکڑانے والے اس کی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ان کا یہ ایڈونچر دوسرے لوگوں کی زندگیوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔اس ویڈیو کی مدد سے بچی کے سرپرستوں کا پتا چلایا جائے اور پھر چیتے کو گھر میں رکھنے سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرنے کے بعد ان پر مقدمہ چلایا جائے گا۔

سعودی مرکز کی جانب سے ٹویٹر پر مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی مملکت میں کسی خون خوار جانور کو گھرمیں پالنے اور رکھنے پر 10 سال قید اور 3 کروڑ ریال جرمانہ کی سزا دی جاتی ہے۔ چیتا ایک انتہائی خوفناک جانور ہے جو پل بھر میں لوگوں کو چیر پھاڑ کر رکھ سکتا ہے، اس وجہ سے اسے گھروں میں رکھنے اور پالنے پر پابندی عائد ہے۔ 

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں