سعودیہ میں گرد و غبار کا شدید طوفان ، 2 افراد جاں بحق ، 20 زخمی

السلیل ہائے وے پر ریت کے طوفان کے باعث متعدد گاڑیاں ٹکرا گئیں، متعدد زخمیوں کی حالت نازک ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 2 اگست 2021 14:32

سعودیہ میں گرد و غبار کا شدید طوفان ، 2 افراد جاں بحق ، 20 زخمی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 اگست 2021ء ) سعودی عرب میں آج صبح محکمہ موسمیات نے گرد و غبار کے شدید طوفان کی پیش گوئی تھی اور ڈرائیورز کو محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت بھی جاری کی تھی۔ اس حوالے سے ایک افسوس ناک خبر آ گئی ہے۔ریاض ریجن میں ریت کے طوفان کے باعث متعدد ٹریفک حادثات ہوئے ہیں جس میں 2 افراد کی جانیں چلی گئی ہیں اور 20 کے لگ بھگ زخمی ہیں جن میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔

ریاض ریجن کے ہلال احمر کے ترجمان یاسر الجلاجل نے بتایا کہ السلیل ہائی وے پر السلیل اور افلاج کے درمیانی علاقے میں گرد و غبار کی شدید آندھی چلی جس کی وجہ سے حدِ نگاہ بہت کم رہ گئی۔ اس طوفان کی وجہ سے ایک مقام پر ٹریفک حادثے کے دوران متعدد گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد کی ہلاکت ہوگئی ہے اور 20 زخمی ہیں۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاق ملتے ہی 10ایمبولینسز کو جائے حادثے پر روانہ کیا گیا تاہم دو افراد حادثے کی شدت کے باعث موقع پر ہی جان گنوابیٹھے تھے اور متعدد زخمی حالت میں پڑے تھے۔

ان افراد کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور ان ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ آج سارا دن مختلف مقامات پر گرد و غبار کا طوفان اٹھے گا جس کی وجہ سے حدِ نگاہ کم ہو جانے سے ڈرائیورز کو بہت پریشانی ہو گی۔ اگر کسی جگہ پر ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے اور بہتر یہی ہو گا کہ کسی محفوظ مقام پرگاڑی روک کر موسم کے بہتر ہونے کا انتظار کیا جائے ۔

سڑک کے کنارے گاڑی کھڑی کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ کسی دُور کے مقام پر سفر کرنا ہو تو پہلے موسم کی صورت حال جان لینا بہتر رہے گا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل سعودی شہر طائف میں ایک جان لیوا حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو ا اور چار زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق یہ ٹریفک حادثہ اس وقت پیش آیا جب طائف المطار روڈ پر انڈسٹریل سیکنڈری سکول کے بالمقابل دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

جس کے نتیجے میں ایک شخص ہسپتال لے جاتے ہوئے وفات پا گیا جبکہ باقی چار زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ ہلال احمر کے ترجمان شادی الثبیتی نے بتایا کہ آپریشن روم کو اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔ اس تصادم میں پانچ افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک کوالامیر منصور آرمی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم نازک حالت والا مریض ہسپتال پہنچنے کے تھوڑی دیر بعد ہی انتقال کر گیا۔ باقی کے چار مریضوں کو امیر سلطان آرمی ہسپتال داخل کیا گیا جن میں سے تین کی حالت تسلی بخش ہے جبکہ ایک شخص کو گہرے زخم آئے ہیں۔

ریاض میں شائع ہونے والی مزید خبریں