ابو ظہبی: سنیپ چیٹ پر سیلز مین کی تذلیل کرنے والے دو نوجوان پکڑے گئے

مقامی عدالت نے اماراتی نوجوانوں کو ڈھائی، ڈھائی لاکھ درہم کا بھاری جرمانہ کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 2 جولائی 2019 10:39

ابو ظہبی: سنیپ چیٹ پر سیلز مین کی تذلیل کرنے والے دو نوجوان پکڑے گئے
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین- 2 جُولائی 2019ء) ابوظہبی میں مقیم دو منچلے نوجوانوں کو اندازہ بھی نہ ہو گا کہ اُن کو سوشل میڈیا ویب سائٹ سنیپ چیٹ پر ایک شخص کا مذاق اُڑانا کتنا مہنگا پڑ جائے گا۔ ایک مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق دو اماراتی نوجوانوں کو عدالت نے ایک شخص کی توہین کرنے کے الزام میں بھاری جرمانے کی سزا سُنا دی ہے۔ دونوں نوجوانوں کو عدالت کی جانب سے ڈھائی، ڈھائی لاکھ درہم کا جرمانہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ شخص نے سرکاری استغاثہ میں شکایت درج کرائی کہ وہ ایک نئے پرفیوم سٹور کی ویڈیو ریکارڈنگ کر رہا تھا جس دوران اُسے دو انتہائی توہین آمیز ویڈیو آڈیو پیغامات سنیپ چیٹ اکاؤنٹ پر موصول ہوئے۔ اُسے یہ ذلت سے بھرے پیغامات بھیجنے والوں کا علم نہیں تھا سو اُن کا پتا لگانے کی خاطر اُس نے دونوں پیغامات کو اپنی فلیش ڈرائیور میں محفوظ کر لیا تاکہ یہ حرکت کرنے والوں کا پتا چلا کر اُن کے خلاف عدالتی کارروائی کر سکے۔

(جاری ہے)

بعد میں سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ان پیغامات کے بھیجنے والوں کا پتا چلا لیا گیا ہے۔ جب ان دونوں نوجوانوں سے پُوچھ گچھ کی گئی تو انہوں نے اپنے اکاؤنٹس کا تو اعتراف کر لیا مگر توہین آمیز پیغامات بھیجنے کا الزام قبول نہ کیا۔ تاہم عدالت میں استغاثہ کی جانب سے بھیجے گئے ایک ویڈیو پیغام میں ایک نوجوان کا چہرہ واضح طور پر دکھائی دے رہا تھا جبکہ دُوسرے نوجوان کی جانب سے بھیجے گئے آڈیو پیغام سے بھی تصدیق ہو گئی کہ یہ آواز اُسی کی ہے۔ جس پر عدالت نے دونوں نوجوانوں کو بھاری جرمانے کی سزا سُنا دی اور دونوں کے موبائل فونز بھی ضبط کر لیے۔ ایک ملزم نے عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی جس پر عدالت نے اُسے رعایت دیتے ہوئے جرمانے کی رقم دس ہزار درہم تک محدود کر دی۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں