اتحاد ایئر لائنز شدید مالی بحران کا شکار ہو گئی

کورونا وبا میں فلائٹ آپریشنز کی معطلی سے اتحاد کو 578 ملین ڈالر کا خسارہ ہوا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 اگست 2020 12:38

اتحاد ایئر لائنز شدید مالی بحران کا شکار ہو گئی
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 اگست 2020ء) کورونا کی وبا نے دُنیا بھر کی ایئر لائنز کے فلائٹ آپریشنز اور کاروبارکو بُری طرح متاثر کیا ہے۔ فلائی دُبئی اور ایمریٹس ایئرلائنز بھی مالی خسارے کے باعث سینکڑوں ملازمین کی نوکریاں ختم کر چکی ہیں۔ اس معاشی بحران نے ابوظبی کی اتحاد ایئر لائنز کو بھی شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق فلائٹ آپریشنز کی معطلی کے باعث اتحاد ایئر کو رواں سال کے پہلے چھ مہینوں میں 578 ملین ڈالر کا خسارہ اُٹھانا پڑا ہے۔

ایئر لائنز سے سال 2020ء میں جنوری سے جون کے آخر تک صرف 35 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، حالانکہ گزشتہ سال کے پہلے چھ ماہ میں اتحاد ایئر سے 82 لاکھ افراد نے سفر کیا تھا۔ اس طرح مسافروں کی تعداد میں تقریباً 60 فیصد کمی سے اتحاد ایئر کو شدید مالی نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

ایئر لائنز کے مطابق سال کے پہلے چھ ماہ ایئر ٹکٹس کی فروخت سے 1.01ارب ڈالر کی کمائی ہوئی۔

کارگو سروس سے 490 ملین ڈالر حاصل ہوئے۔ یکم جنوری سے 30جنوری کے درمیان اتحادنے 1.67 ارب ڈالر کما ئے ۔ ایئر لائنز کو پچھلے سال کے پہلی ششماہی کے مقابلے میں دوسری ششماہی میں 38 فیصد کم آمدنی ہوئی ہے۔ اتحاد ایئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹونی ڈگلس نے اُمید ظاہر کی کہ ستمبر تک دُنیا کے مزید ممالک میں فلائٹ آپریشنز کی بحالی سے مزید پروازیں شروع ہو جائیں گی۔

انہوں نے اتحاد کے ملازمتوں سے نکالے گئے ملازمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ افراد اتحاد کا قیمتی سرمایہ تھے، تاہم شدید مالی بحران کے باعث انہیں روزگار سے محروم کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اس کے علاوہ باقی ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 25 سے 50فیصد عارضی کمی کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ایمریٹس ایئرلائنز کی مشکلات بھی کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔

گزشتہ چند ماہ فضائی آپریشنز معطل رہنے کے سبب ایمریٹس نے اپنے لاکھوں مسافروں کو ٹکٹ ریفنڈ کی صورت میں 2 ارب درہم کے لگ بھگ رقم واپس کر دی ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران ایمریٹس کی جانب سے ساڑھے چھ لاکھ کے قریب مسافروں کو ٹکٹ ریفنڈ کی صورت میں 1ارب 90 کروڑ درہم کی بھاری رقم واپس کی گئی ہے۔ یہ وہ مسافر تھے جنہوں نے کئی ہفتے یا کئی ماہ قبل ایمریٹس کی پروازوں کے لیے آن لائن بکنگ کرا رکھی تھی، تاہم کورونا وبا کے باعث فضائی آپریشنز معطل ہونے پر اماراتی ائیر لائنز کو اپنے لاکھوں صارفین کو رقم لوٹانا پڑی ہے۔

ایئر لائنز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ مہینوں کی ٹکٹ ریفنڈ کامعاملہ اگست سے پہلے کلیئر کر لیا جائے گا۔ ماضی میں ہر ماہ 35 ہزار ریفنڈ کی درخواستیں نمٹائی جاتی تھیں، تاہم اب ہر ماہ تقریباً 2 لاکھ ریفنڈ کیسز نمٹائے جا رہے ہیں۔ ایمریٹس کے چیف کمرشل آفیسر عدنان کاظم نے بتایا کہ کورونا وبا نے ائیر لائنز اور ٹریول انڈسٹری کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ یہ مسافروں کے لیے بھی ایک مشکل دور ہے۔ تاہم ہم اپنے مسافروں کو ان کا حق لوٹا رہے ہیں، اسی وجہ سے ٹکٹ ریفنڈنگ کے کیسز بہت تیزی سے نمٹائے جا رہے ہیں۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں