پاکستانیوں کومتحدہ عرب امارات واپسی کے لیے کن 7 مراحل سے گزرنا ہو گا؟

سفری دستاویزات کی تصدیق، کورونا لیبارٹری ٹیسٹ، ٹکٹ بکنگ ، الحوسن ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے اور قرنطینہ اختیار کرنے سے متعلق وضاحت کر دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 13 اگست 2020 10:16

پاکستانیوں کومتحدہ عرب امارات واپسی کے لیے کن 7 مراحل سے گزرنا ہو گا؟
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 اگست 2020ء) اگر آپ اماراتی ویزہ ہولڈر ہیں تو آپ کو متحدہ عرب امارات واپسی کے لیے اب اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ ICA کی جانب سے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں تارکین کو سات نکاتی پروسیجرکی وضاحت کی گئی ہے جس پر عمل کر کے وہ مملکت واپس آ سکتے ہیں۔ 
1۔ نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کر نے سے جو پیج کھُلے گا وہاں اپنے اماراتی آئی ڈی نمبر، پاسپورٹ نمبر اور سٹیزن شپ نمبر کااندراج کریں۔

2۔ ICA کی جانب سے امارات واپس آنے کے منتظر تارکین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس لنک کے ذریعے اپنے ذاتی کوائف اپ ڈیٹ کر لیں۔ یہ آپشن ان لوگوں کے لیے ہے جو اپنی سفری دستاویزات کے کارآمد اور مستند ہونے کا چیک کرنا چاہتے ہیں۔ اپنی سفری دستاویزات کو اپ ڈیٹ کرانے کے بعد تارکین کو اپنے وطن کی کسی مستند لیبارٹری سے کورونا سے متعلق پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہو گا۔

(جاری ہے)

جس کی رپورٹ نیگیٹو آنا لازمی ہے اور اس رپورٹ کے اجراء کے بعد 96 گھنٹے کے اندر اندر امارات کا سفر کرنا ضروری ہے۔ ICA کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اس نے اپنا نیٹ ورک دُنیا بھر کے تمام ممالک کی منظور شدہ لیبارٹریز تک بڑھا لیا ہے۔ 
3۔ PCRٹیسٹ کی نیگیٹو رپورٹ حاصل کرنے کے بعد آپ کو امارات کی ریٹرن ٹکٹ کی بکنگ کروانا ہو گی۔ ICAکی جانب سے ابوظبی، شارجہ، عجمان، راس الخیمہ، فجیرہ اور اُم القوین کے ویزہ معاملات دیکھے جاتے ہیں جبکہ دُبئی کے ویزہ معاملات کے لیے الگ ادارہ قائم ہے۔

 
4۔ آپ کو امارات جانے والی پرواز میں سوار ہونے سے پہلے جہازکے عملے کو پی سی آر کے نیگیٹو ٹیسٹ کی رپورٹ دکھانا ہو گی۔ اس کے علاوہ جہاز کا عملہ وہ دستاویزات بھی چیک کرے گا جنہیں سفر کے لیے اماراتی حکومت نے لازمی قرار دیا ہے۔ 
5۔ امارات پہنچنے کے بعد آپ کا ایئرپورٹ پر ہی دوبارہ کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا۔ 
6۔ امارات میں داخلے کے بعد تمام ممالک کے مسافروں کو اپنے موبائل فون میں لازمی طور پر Al Hosn ایپ انسٹال کرنا ہو گی جو کہ اماراتی وزارت صحت کی جانب سے کوروناکے مشتبہ مریضوں کی نقل و حرکت معلوم کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔

 
7۔ ابوظبی، شارجہ، عجمان، راس الخیمہ، فجیرہ اور اُم القوین آنے والے تمام مسافروں کو پہلے 14 روز قرنطینہ میں رہنا ہو گا۔ اگر کوئی مسافر قرنطینہ کی خلاف ورزی کرے گا تو اس پر 50ہزار درہم کا بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں