متحدہ عرب امارات میں تارکین کو بھی کورونا کا مفت ٹیسٹ کروانے کی سہولت حاصل ہے

اماراتی وزارت صحت کے مطابق کورونا کی مشتبہ علامات والے اور 50 سال سے زائد عمر کے تارکین مفت کورونا ٹیسٹ کروا سکتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 15 ستمبر 2020 15:16

متحدہ عرب امارات میں تارکین کو بھی کورونا کا مفت ٹیسٹ کروانے کی سہولت حاصل ہے
دُبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔15 ستمبر2020ء) متحدہ عرب امارات میں کورونا ٹیسٹ کی مفت سہولت ہر ایک کو حاصل نہیں ہے ، بہت سے تارکین جاننا چاہتے ہیں کہ کونسے زمرے کے تارکین مفت کورونا ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔ اس حوالے سے ابوظبی ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں 50سال سے زائد عمر کے تارکین کو مفت کورونا ٹیسٹ کی سہولت حاصل ہے ، اس کے علاوہ بزرگ افراد، حاملہ خواتین، سنگین امراض میں مبتلا افراد اور خراب صحت والے لوگ اپنا مفت کورونا ٹیسٹ کروا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ایسے تارکین جن میں کورونا کی مشتبہ علامات ظاہر ہوں، یا وہ کورونا کے مصدقہ مریضوں سے رابطے میں رہے ہوں، ان کا ٹیسٹ بھی مفت ہو گا۔ کورونا کی علامات رکھنے والے یا نہ رکھنے والے اماراتی شہریوں اور ان کے گھریلو ملازمین کو مفت ٹیسٹ کی سہولت حاصل ہے۔

(جاری ہے)

امارات میں کورونا ٹیسٹنگ کے لیے مختلف سہولیات موجود ہیں۔ دُبئی میں ہیلتھ اتھارٹی کے نمبر 800 342 پر رابطہ کر کے کسی بھی ہیلتھ سنٹر میں کورونا ٹیسٹ کے لیے بکنگ کرائی جا سکتی ہے۔

ہیلتھ اتھارٹی کے زیر انتظام کسی بھی ہسپتال میں مشتبہ علامات والے افراد کو مفت ٹیسٹنگ کی سہولت حاصل ہو گی۔ ان ہسپتالوں میں دُبئی ہاسپٹل، راشد ہاسپٹل، لطیفہ ویمن اینڈ چلڈرن ہاسپٹل اور حطہ ہاسپٹل شامل ہیں۔ فجیرہ، اُم القوین، راس الخیمہ، شارجہ اور عجمان میں وزارت صحت کی ہاٹ لائن 800 111 11 پر کال کر کے ٹیسٹنگ کے لیے اپائنٹمنٹ لی جا سکتی ہے۔

ابوظبی میں ڈرائیور تھرو ٹیسٹنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں پرگاڑی میں بیٹھے بیٹھے ٹیسٹ کروایا جا سکتا ہے، تاہم پہلے بکنگ کروانا ہو گی۔ گنجان آباد علاقوں میں رہنے والوں کو ابوظبی پبلک ہیلتھ سنٹر (ADPHC) اور SEHA کی طبی ٹیموں کی جانب سے رہائش گاہوں پر ہی ٹیسٹ کروانے کی سہولت مہیا کی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ Estijaba کی ہاٹ لائن 800 1717 پر کال کر کے کورونا ٹیسٹ کے لیے اپائنٹمنٹ لی جا سکتی ہے۔ 

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں