اماراتی ولی عہد کے استقبال کے لیے سعودیہ میں ریڈ کارپٹ کی بجائے جامنی قالین کیوں بچھایا گیا؟

وی آئی پی مہمانوں کے لیے ریڈ کارپٹ بچھانے کے رواج میں تبدیلی پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 6 مئی 2021 14:53

اماراتی ولی عہد کے استقبال کے لیے سعودیہ میں ریڈ کارپٹ کی بجائے جامنی قالین کیوں بچھایا گیا؟
ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6مئی2021ء) دُنیا بھر میں کسی بھی غیر ملکی مہمان ِ خصوصی کا استقبال کرنے کے لیے سُرخ قالین بچھائے جاتے ہیں، جنہیں ریڈ کارپٹ استقبال بھی کہا جاتا ہے۔ یہ قدیم رواج یونانی سلطنت کے دور سے رائج ہے۔ جب یونانی شہنشاہ ایگامیمنون کی کئی سال بعد مملکت واپسی پراس کی ملکی نے کلیمے نسٹرا نے اس کا سُرخ قالین بچھا کر شاندار استقبال کیا تھا۔

مہمانوں کی عزت افزائی کا یہ رواج ایسا مقبول ہواکہ جدید دُنیا میں بھی غیر ملکی سربراہان اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں کی آمد پر ان کا ریڈ کارپٹ بچھا کر استقبال کیا جاتا ہے۔ تاہم گزشتہ روز اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب ابوظبی کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید سعودی عرب کے سرکاری دورے پر جدہ پہنچے تو ان کا استقبال روایتی ریڈ کارپٹ کی بجائے جامنی رنگ کے قالین بچھا کر کیا گیا۔

(جاری ہے)

ابوظبی کے ولی عہد کے استقبال کے لیے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان موقع پر موجود تھے۔ سُرخ کی بجائے جامنی رنگ کا قالین بچھانے پر سوشل میڈیا پر بہت زیادہ بحث چھڑ گئی ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عام طور پر روایتی پروٹوکول میں سُرخ قالین ہی بچھائے جاتے ہیں۔ تاہم جامنی رنگ کا سعودی ثقافت سے گہرا تعلق ہے۔ بارش کے بعد سعودی صحرائی علاقوں میں جنگلی لیونڈر کے پھول کثرت سے کھل جاتے ہیں، جس سے صحرا میں رونق ہو جاتی ہے، جوتازگی اور ہریالی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

اسی وجہ سے سعودی روایتی رنگ کو اُجاگر کرنے کی خاطر جامنی رنگ کا قالین بچھایا گیا تھا۔ سعودی میڈیا کے مطابق قالین کے کناروں کو سدو یعنی روایتی عرب کشیدہ کاری اور شہری تعمیر میں مشہور ورثہ کے نمونوں سے سجایا گیا تھا۔ اس طرح قالین کے جامنی رنگ سے سعودی عرب کی خصوصی ثقافت، اس کے مخصوص رنگوں اور مملکت کی ثقافت سے لطف اندوز ہونے کے پہلو کو اجاگر کیا گیا۔

اگر جدید دور میں ریڈ کارپٹ کی بات کی جائے تو تقریبا 200 سال قبل سنہ 1821 میں امریکا کے پانچویں صدرجیمز مونر کے اندرون ملک دورے پر استقبال کرنے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ہالی ووڈ نے آسکر میں معروف اداکاروں کے استقبال کے لیے 1922 میں سرخ قالین کا استعمال کیا یوں سرخ قالین صدور اور معزز شخصیات کے استقبال کے لیے ایک فیشن بن گیا۔اس کے علاوہ ریڈ کارپٹ ہوٹلوں اور لگژری مقامات میں بھی ایک خوش آئند علامت کا درجہ اختیارکرگیا ہے۔

ابو ظہبی میں شائع ہونے والی مزید خبریں