متحدہ عرب امارات میں بے پرواہی کی ڈرائیونگ اب نہیں چلے گی

راس الخیمہ میں ایک ہزار سے زائد ڈرائیورز کو بے دھیانی سے ڈرائیونگ کرنے پر جرمانے عائد کیے گئے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 مارچ 2019 14:04

متحدہ عرب امارات میں بے پرواہی کی ڈرائیونگ اب نہیں چلے گی
راس الخیمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔8 مارچ 2019ء ) اماراتی ٹریفک حکام نے واضح کیا ہے کہ مملکت میں لاپرواہ ڈرائیورز کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جا رہی اور نہ برتی جائے گی۔ راس الخیمہ میں گزشتہ سال 1,029 ڈرائیورز کو بے دھیانی سے ڈرائیونگ کرنے پر جرمانے کے ٹکٹ تھمائے گئے۔ راس الخیمہ پولیس کے ٹریفک اینڈ پٹرولز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل احمد السام النقبی نے بتایا کہ گزشتہ سال 136 ٹریفک حادثات ایسے تھے جوبے پرواہی سے ڈرائیونگ کے نتیجے میں رُونما ہوئے۔

کچھ ایسے ڈرائیورز تھے جو گاڑی چلاتے وقت کھانے پینے میں مصروف پائے گئے۔ کچھ ڈرائیورز فون پر گفتگو اور سوشل میڈیا براؤزِنگ میں بھی گُم نظر آئے۔ خواتین ڈرائیورز کے مقابلے میں مرد ڈرائیورز دورانِ ڈرائیونگ فون کا استعمال زیادہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ کچھ خواتین ڈرائیونگ کے دوران اپنا میک اپ کرتے اور مرد اپنے سر کا لباس ٹھیک کرتے نظر آئے۔ ان سب حرکات کے باعث ڈرائیورز کا دھیان بٹ جاتا ہے اور حادثہ پیش آنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

بے پرواہی سے ڈرائیونگ کرنے والوں میں سے زیادہ تر کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان پائی گئی۔ ٹریفک قوانین کی رُو سے سگنل کی لال بتی پر رُکی گاڑی کا ڈرائیور بھی فون کا استعمال نہیں کر سکتا۔ ایسا کرنے والے کو جرمانہ ادا کرنا ہوتا ہے۔ کرنل النقبی کے مطابق سب سے زیادہ ٹریفک حادثات غفلت سے ڈرائیونگ کے باعث ہی رُونما ہوتے ہیں۔ا یسی خلاف ورزی پر چار سو درہم جرمانے کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس پر 4 بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہوتا ہے۔

رأس الخيمہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں