شارجہ: 11 سالہ ایشیائی لڑکا سوئمنگ پول میں ڈوب کرجاں بحق

یہ واقعہ النہدہ کی ایک رہائشی بلڈنگ میں بنے سوئمنگ پول میں پیش آیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 30 جولائی 2019 15:14

شارجہ: 11 سالہ ایشیائی لڑکا سوئمنگ پول میں ڈوب کرجاں بحق
شارجہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30جولائی 2019ء) گزشتہ شام شارجہ میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس کے باعث گیارہ سالہ لڑکا سوئمنگ پول میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ایشیائی ملک سے تعلق رکھنے والا یہ لڑکا النہدہ کی ایک رہائشی بلڈنگ میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں اپنے والدین کے ساتھ مقیم تھا۔ اسی بلڈنگ کے ساتھ والی بلڈنگ کے ایک فلور پر سوئمنگ پول بھی واقع تھا۔

بچے کے بڑے بھائی نے مقامی اخبار سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ شام ساڑھے پانچ بجے ساتھ والی بلڈنگ میں بنے اس سوئمنگ پول میں اپنی تیراکی کی پہلی کلاس لینے کے لیے گیا تھا۔ اُسے تیرنا نہیں آتا تھا مگر اُسے تیراکی کا بہت شوق تھا۔اچانک اُسے گہرے پانی میں جانے کے باعث غوطہ لگ گیا۔

(جاری ہے)

جب تک اُس کا سوئمنگ انسٹرکٹر اُسے پانی سے باہر نکالتا، اُس کی حالت بہت زیادہ بگڑ چکی تھی۔

بدقسمتی سے یہ انسٹرکٹر طبی امداد دینا بھی نہیں جانتا تھا۔ بچے کو رات پونے نو بجے کے قریب القاسمی ہسپتال کی ایمرجنسی منتقل کیا گیا مگر وہاں موجود ڈاکٹروں نے بتایا کہ اُس کا ہسپتال لائے جانے سے قبل ہی انتقال ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ پولیس کی جانب سے امارات بھر میں سوئمنگ پولز کے باعث بچوں کی زندگیوں کو لاحق ہونے والے خطرات سے والدین کو آگاہ کرنے کے لیے ایک مہم شروع کی گئی ہے۔

پولیس کی جانب سے والدین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کسی سوئمنگ پول بھیجتے وقت اس بات کی تسلی کر لیں کہ وہاں پر مکمل سہولیات اور حفاظتی تدابیر کا خیال رکھا جا رہا ہے۔خاص طور پر لائف گارڈ کا موقع پر ہونا بہت ضروری ہے، اس کے علاوہ لائف جیکٹ اور آرم فلوٹ اور پُول ڈیک کی سہولت بھی لازمی ہے۔ جبکہ سوئمنگ پول کے آس پاس کے فرش پر پھسلن نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ ضروری ادویہ اور فرسٹ ایڈ باکس کا ہونا بھی لازمی ہے۔

متعلقہ عنوان :

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں