شارجہ میں سڑکوں اور عوامی مقامات پر گند ڈالنے والے جرمانہ بھرنے کے لیے تیار ہو جائیں

ادارہ ماحولیات کے مطابق پکنک کے بعد بچی کھُچی خوراک، پلاسٹک بیگز کا گند مخصوص ڈسٹ بِن میں نہ ڈالنے پر 2 ہزار درہم کا جرمانہ بھُگتنا ہو گا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 18 اکتوبر 2019 13:19

شارجہ میں سڑکوں اور عوامی مقامات پر گند ڈالنے والے جرمانہ بھرنے کے لیے تیار ہو جائیں
شارجہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر2019ء) شارجہ میں سڑکوں، سرکاری، عوامی اور تفریحی مقامات پر گند ڈالنے والوں اور بچی کھُچی خوراک اور ضائع شدہ سامان اُٹھانے کی بجائے وہیں چھوڑ جانے پر بھاری جرمانہ ہو گا۔ شارجہ کے ادارہ ماحولیات کے مطابق جو لوگ تفریحی مقامات پر بار بی کیو کا اہتمام کرتے ہیں، یا کھانا وغیرہ پکاتے اور کھاتے ہیں اور پھر وہاں پڑا گند اور کوئلہ وغیرہ سمیٹ کر مخصوص ڈسٹ بِن میں ڈالنے کی بجائے وہیں چھوڑ کر چلے جاتے ہیں، یہ لوگ ماحول کو نقصان پہنچنے کے مرتکب ہیں۔

ایسے غیر ذمہ دار لوگوں کو ماحولیاتی خلاف ورزی کی بناء پر جرمانے کا سامنا کرنا ہو گا۔ جو کہ 2ہزار درہم کا ہو گا۔ تفریح کے لیے آئے لوگ صرف وہیں کھانا وغیرہ پکا سکتے ہیں جس مقام کو اس مقصد کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ جنگلی جانوروں کو ہلاک کرنا، نقصان پہنچانا یا اُن کا شکار کرنا بھی جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے کے باعث جرمانے کا باعث بن سکتا ہے۔

اسی طرح جنگلی پودوں اور درختوں کو نقصان پہنچانے کے بھی اجازت نہیں ہے، کیونکہ یہ ہمارے ماحول کو خوشگوار بنانے کا باعث بنتے ہیں۔ ان دونوں خلاف ورزیوں کی صورت میں 10 ہزار درہم کا بھاری جرمانہ بھُگتنا ہو گا۔ ادارہ ماحولیات کے مطابق بار بی کیو کرنے کے بعد کوئلے کو بُجھانے کے لیے پانی کا استعمال کریں، جبکہ کوئلہ ٹھنڈا ہو جائے تو اُسے علیحدہ کسی شاپنگ بیگ میں ڈال کر ڈسٹ بِن میں ڈال دیں۔ ادارہ ماحولیات کے مطابق صفائی کے معاملے میں غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے سے متحدہ عرب امارات کا امیج خراب ہوتا ہے۔ جو کسی بھی صورت گوارا نہیں کیا جا سکتا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں