چاول میں نمک کی جگہ غلطی سے چینی ڈالنے پر خاوند مشتعل ہو گیا

بے رحم خاوند نے بیوی کی آنکھوں میں مرچیں ڈال دیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 فروری 2020 12:39

چاول میں نمک کی جگہ غلطی سے چینی ڈالنے پر خاوند مشتعل ہو گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10فروری 2020ء) خاوند اور بیوی کا رشتہ بہت مضبوط ہوتا ہے اور اتنا ہی حساس بھی ہوتا ہے۔ میاں بیوی کی ناراضگی کوئی انہونی بات نہیں۔ مگر کئی بار یہ ناراضگی ایسی تلخی میں بدل جاتی ہے کہ تشدد تک بھی نوبت آ جاتی ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ شارجہ میں بھی پیش آیا ہے جہاں ایک عرب خاوند نے معمولی سی بات پر بیوی کی آنکھوں میں مرچیں پھینک کر اُسے شدید تکلیف میں مبتلا کر دیا۔

جس کے بعد متاثرہ خاتون کو انتہائی تکلیف کی حالت میں ہسپتال داخل کرانا پڑا۔ اس دوران خاوند نے بیوی کو گالم گلوچ اور مار پیٹ کا نشانہ بھی بنایا۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ گھر کے بے شمار کاموں کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار ہو گئی تھی، اسی کیفیت میں وہ پکائے جانے والے چاولوں میں نمک کی جگہ بے دھیانی میں چینی ڈال بیٹھی۔

(جاری ہے)

جو کہ نمک کی طرح کی ہی باریک تھی۔

بعد میں جب اُس کے خاوند نے چاول کھانے شروع کیے تو پہلا چمچ لیتے ہی وہ اُس پر برس پڑا کہ اُسے ابھی تک یہ نہیں پتا کہ چاولوں میں چینی نہیں، نمک ڈالا جاتا ہے۔ خاوند نے اُسے بے وقوف کہنے کے بعد اور بھی بُرا بھلا کہا۔ اور اس پر الزام لگایا کہ وہ اصل میں اُسے زہر دینے کی کوشش کر رہی تھی۔ مشتعل خاوند کا کہنا تھا کہ شادی کے بارہ سالوں میں اُسے نے کبھی ایک دِن بھی سُکھ کا نہیں دیکھا۔

خاوند کی بدکلامی پر خاتون نے بھی اُسے جواب دیا کہ اُس نے بھی شادی کا یہ تمام عرصہ انتہائی اذیت اور بے بسی سہہ کر گزارا ہے۔ یہ بات سُن کر خاوند مشتعل ہو گیا اوراُس کے منہ پر زور دار تھپڑ دے مارا۔ اس کے بعد وہ کچن میں گیا اور وہاں نمک کے اندر بہت سی سُرخ مرچیں ڈالیں اور پھر واپس آ کر اپنی بیوی کی آنکھوں میں پھینک دی۔ جلن اور تکلیف کے مارے خاتون کی حالت خراب ہو گئی۔ اُس نے اپنی آنکھوں کو دھویا مگر اُس کی جلن کم نہ ہوئی۔ جس کے بعد خاتون کو ہسپتال لے جایا گیا۔ جہاں میڈیکل رپورٹس سے پتا چلا کہ سُرخ مرچیں جھونکے جانے کے باعث خاتون کی ایک آنکھ بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔ خاتون نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ اُس کے خاوند کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں