شارجہ کے ایبکو ٹاور میں آتشزدگی کے بعد حکومت نے اہم فیصلہ کر لیا

150 بلڈنگز میں ایلومینیم اور آگ پکڑنے والا میٹریل جلد ہٹا دیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 11 مئی 2020 15:01

شارجہ کے ایبکو ٹاور میں آتشزدگی کے بعد حکومت نے اہم فیصلہ کر لیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11مئی 2020ء) چند روز قبل شارجہ کے 49 منزل ایبکو ٹاور میں خوفناک آگ لگ گئی تھی جس میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی انسانی جان کا ضیاع نہیں ہوا۔ البتہ رہائشی افراد کا کروڑوں روپے سامان ضرور نذر آتش ہوگیا۔ تحقیقات کے نتیجے میں پتا چلا ہے کہ اس بلڈنگ میں ایلومینیم کے پینل استعمال کیے گئے تھے جو آگ کو بھڑکانے کا سبب بنتے ہیں۔

ایک سگریٹ کے ٹکڑے کی وجہ سے دیواروں پر لگے ایلومینیم پینلز نے تیزی سے آگ پکڑی ،اور دیکھتے دیکھتے کثیر المنزلہ عمارت کی کئی منزلیں لپیٹ میں آ گئیں۔شارجہ پولیس کے سربراہ میجر جنرل سیف الشمسی نے بتایا کہ آتش زدگی کے اس واقعے کے بعد ایک اہم فیصلہ لیا گیا ہے جس کے مطابق بلڈنگ کی دیواروں پر ایسا میٹریل لگانے پر پابندی ہو گی جوآگ کو بھڑکانے اور تیزی سے پھیلانے کا باعث بنتا ہے، اس میں ایلومنیم بھی شامل ہے، تاکہ لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق نہ ہوں۔

(جاری ہے)

شارجہ سول ڈیفنس کے سربراہ کرنل سمیع النقبی نے بتایا کہ شارجہ کے فرمانروا ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے اعلیٰ حکام کو ہدایت کر دی ہے کہ آئندہ سے عمارات میں ایلومینیم پینلز کا استعمال نہ کیا جائے اور جن عمارات میں اس طرح کی پینلنگ ہوئی ہے، وہاں سے انہیں ہٹا دیا جائے۔ جس کے بعد 150ایسی پُرانی عمارات کی نشاندہی کی گئی ہے، جن کی دیواروں پر ایلومنیم چپکایا گیا ہے۔

ان عمارات سے جلد ہی یہ ایلومنیم میٹریل ہٹا دیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے آتش زدگی کا شکار ہونے والے ایبو ٹاور میں ایلومنیم کی پینلنگ کی گئی تھی۔ جنوری 2017ء کے بلڈنگ قوانین کے تحت ایلومینیم کا استعمال ممنوع ہے۔ بلڈرز کو اب ایلومنیم کلاڈنگ سے باز رہنا ہو گا۔ ایبکو ٹاور 2005ء میں تعمیر کیا گیا، جس کے بعد 2006ء میں یہاں پر لوگوں نے رہائش اختیار کرنی شروع کی۔

تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ ایبو ٹاور میں آگ پہلے فلور پر سگریٹ کے ایک ٹکڑے کی وجہ سے بھڑکی تھی۔اس آتش زدگی کے نتیجے میں 26 اپارٹمنٹس مکمل طور پر تباہ ہو گئے، 34 میں دھواں بھرنے سے ان کی حالت خراب ہو گئی ہے، جبکہ 40 ٹاورز کے دروازے جل گئے ہیں۔ اس کے علاوہ 33 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ایبو ٹاور کی دوبارہ مرمت کے لیے 25 ملین درہم کی لاگت آئے گی۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں