متحدہ عرب امارات میں انٹر نیٹ کنکشن شیئر کرنے والے غیر مُلکی کی شامت آ گئی

عدالت کی جانب سے ایشیائی شہری کو 50 ہزار درہم کا بھاری جرمانہ کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 جنوری 2020 17:15

متحدہ عرب امارات میں انٹر نیٹ کنکشن شیئر کرنے والے غیر مُلکی کی شامت آ گئی
اُم القوین(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22جنوری 2020ء) اماراتی ریاست اُم القوین میں ایک ایشیائی شخص کو اپنا انٹرنیٹ دیگر لوگوں کو رقم کے عوض فراہم کرنے پر عدالت کی جانب بہت بھاری جرمانہ کر دیا گیا۔ عدالت نے ایشیائی شہری کو اس جُرم پر 50ہزار اماراتی درہم کا جرمانہ بھرنے کا حُکم سُنا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اُم القوین کی ایک رہائشی بلڈنگ میں مقیم ایشیائی شہری نے انٹرنیٹ کنکشن لے رکھا تھا۔

تاہم اُس نے بلڈنگ کے دیگر رہائشیوں کو بھی اپنے کنکشن کی شیئرنگ کر رکھی تھی۔ اس کے بدلے میں وہ ان سے ماہانہ رقم وصول کرتا تھا۔ استغاثہ کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے اپنے انٹرنیٹ کنکش کی آس پاس کے فلیٹس کے لوگوں کو فراہمی کے لیے وائی فائی بوسٹر لگوا رکھا تھا۔

(جاری ہے)

جس کی مدد سے وہ خفیہ طور پر انہیں اپنا انٹرنیٹ کنکشن وائی فائی کے ذریعے شیئر کر رہا تھا اور اس کے بدلے میں اُن سے رقم بٹورتا تھا۔

تاہم ملزم کے خلاف شکایت درج کرانے پر اُس کے فلیٹ پر چھاپہ مارا گیا اور غیر قانونی طور پر نصب کیا گیا وائی فائی بُوسٹر قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے ضوابط کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزم کو فراڈ کا مرتکب قرار دیا گیا۔ جس کے بعد عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو اماراتی ٹیلی کمیونیکیشز پالیسی کی خلاف ورزی کر کے دیگر افراد کو غیر قانونی طور پر وائی فائی سروس فراہم کرنے کے جُرم میں پچاس ہزار درہم بطور جرمانہ وصول کیا جائے۔

ملزم نے بھی عدالت کے رُو برو اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کسی بھی شخص کو اجازت نہیں ہے کہ وہ گھر سے باہر دیگر افراد کو اپنا انٹرنیٹ کنکشن شیئر کرے چاہے یہ پیسوں کے عوض کیا جا رہا ہو، یا مہربانی کے طور پر ہو رہا ہو۔ دونوں صورتوں میں انٹرنیٹ کنکشن شیئر کرنے کی قطعی ممانعت ہے۔

ام القیوین میں شائع ہونے والی مزید خبریں