امارات میں پولیس وردی پہن کر گاڑیاں چرانے والا گینگ پکڑا گیا

جعلساز لوگوں کو روکتے مطلوب گاڑی کا کہہ کر ڈرائیور کو اُتارتے اور گاڑی لے کر فرار ہوجاتے

Sajid Ali ساجد علی منگل 22 نومبر 2022 13:54

امارات میں پولیس وردی پہن کر گاڑیاں چرانے والا گینگ پکڑا گیا
ام القوین ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 نومبر 2022ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست ام القوین میں پولیس کی وردی پہن کر گاڑیاں چرانے والا گینگ پکڑا گیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ام القوین پولیس نے 4 افراد پر مشتمل ایک گینگ کو پولیس افسران کا روپ دھار کر گاڑیاں چوری کرنے پر پکڑا ہے، کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل سعید عبید بن عران نے بتایا اتھارٹی کو شکایت موصول ہوئی کہ کسی نے پولیس افسران کی نقالی کرکے گاڑیاں چوری کی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شکایت کنندہ نے بتایا اسے ام القوین میں محمد بن زاید روڈ پر ایک پولیس اہلکار ہونے کا دعویٰ کرنے والے شخص نے روکا، 'پولیس اہلکار' نے اسے اپنی گاڑی سے باہر نکلنے کو کہا اور کہا کہ یہ ایک مطلوب کار ہے، اس کے بعد پولیس کا روپ دھارنے والا ملزم گاڑی لے کر نامعلوم مقام پر چلا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ حکام نے متعدد امارات میں اس حوالے سے تفتیش کی جس کے نتیجے میں مجرموں کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کو گرفتار کرنے بعد مسروقہ گاڑی برآمد کرلی گئی جب کہ مجرموں نے نے اپنے جرائم کا اعتراف کرلیا۔

دوسری طرف دبئی میں 2 افراد نے پولیس کا روپ دھار کر ایشیائی سرمایہ کار کو اغوا کرکے 12 لاکھ درہم سے زائد کی رقم ہتھیالی، اس حوالے سے ایک ایشیائی سرمایہ کار نے رپورٹ درج کروائی جس میں کہا گیا کہ اسے ایک خلیجی شہری اور دوسرے ایشیائی شہری نے لوٹا ہے، مدعا علیہ نے اسے بتایا کہ وہ سی آئی ڈی کے افسر ہیں اور ان سے پوچھ گچھ کی کہ اس کے بیگ میں کیا ہے؟۔

اس کے بعد انہوں نے اس سے کہا کہ وہ ان کے ساتھ پولیس اسٹیشن جائے تاکہ اس کے پاس موجود رقم کی قانونی حیثیت کی چھان بین کرے، جس پر متاثرہ شخص ان کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ گیا، پہلے مدعا علیہ نے گاڑی دبئی میں النہدہ کی طرف چلائی اور پھر بیگ کو پیچھے چھوڑ کر گاڑی سے نیچے اترنے کو کہا، جیسے ہی وہ نیچے اترا مجرم واپس گاڑی کی طرف بھاگا اور رقم لے کر فرار ہوگیا۔

بتایا گیا کہ متاثرہ کی شکایت پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا، جنہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ملزمان کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے اور انہیں چوری کی رقم کے برابر جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا، عدالتی فیصلے کی روشنی میں پولیس کا روپ دھارنے اور ایک ایشیائی سرمایہ کار کو اغوا کرنے کے الزام میں 2 افراد کو جیل بھیج دیا گیا۔

ام القیوین میں شائع ہونے والی مزید خبریں