یو اے ای ؛ ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد رعایت کا فائدہ اٹھانے کیلئے 3 خلاف ورزیوں سے بچنا ہوگا

شارجہ اور عجمان کے بعد ام القوین پولیس نے بھی ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد رعایت کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 نومبر 2021 14:58

یو اے ای ؛ ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد رعایت کا فائدہ اٹھانے کیلئے 3 خلاف ورزیوں سے بچنا ہوگا
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 نومبر 2021ء ) متحدہ عرب امارات میں ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد رعایت کا فائدہ اٹھانے کیلئے 3 خلاف ورزیوں سے بچنا ہوگا ۔ خلیج ٹائمز کے مطابق شارجہ اور عجمان کے بعد یو اے ای کی ایک اور ریاست ام القوین کی پولیس نے بھی ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے ، یہ اقدام امارات کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے 50 ویں قومی دن کی تقریبات کا حصہ ہے ، رہائشی 1 دسمبر 2021 سے 6 جنوری 2022 تک رعایت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ، یہ رعایت 31 اکتوبر 2021 سے پہلے کی گئی خلاف ورزیوں پر لاگو ہوتی ہے۔

پولیس نے واضح کیا ہے کہ اس اسکیم کے تحت درج ذیل خلاف ورزیاں شامل نہیں ہیں: 
- لاپرواہی سے ڈرائیونگ جو سڑک استعمال کرنے والوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالتی ہے۔

(جاری ہے)

 

- بغیر اجازت کے گاڑی کے انجن میں ترمیم کرنا۔ 
- کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزیاں۔ 
یاد رہے کہ شارجہ اور عجمان میں گاڑیاں رکھنے والے افراد نے پہلے ہی دونوں امارات میں ٹریفک جرمانوں پر رعایت حاصل کرنا شروع کر دی ہے ، 50 ویں قومی دن کے لیے متحدہ عرب امارات کی جاری تقریبات کی مناسبت سے شارجہ پولیس نے شارجہ ایگزیکٹو کونسل کے فیصلے کی بنیاد پر ٹریفک جرمانوں پر 50 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے ، یہ رعایت 21 نومبر سے پہلے جاری کیے گئے جرمانوں پر ملے گی ، جن کی ادائیگی کے لیے ونڈو 31 جنوری 2022ء تک کھلی ہے ۔

اسی طرح عجمان کے رہائشیوں کو 21 نومبر سے 31 دسمبر تک ٹریفک جرمانے پر 50 فیصد رعایت دی گئی ہے ، اس 40 روزہ خصوصی آفر کے تحت اپنے بلیک پوائنٹس کینسل اور ضبط شدہ گاڑیاں بھی چھڑائی جاسکتی ہیں ، عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ النعیمی نے کہا کہ یہ آفر 14 نومبر سے پہلے درج کی گئی تمام ٹریفک خلاف ورزیوں پر لاگو ہوتی ہے تاہم اس میں ایسے جرائم کا احاطہ نہیں کیا گیا جو لاپرواہی سے ڈرائیونگ سے متعلق ہیں جن سے ٹریفک یا دوسروں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو اور بغیر لائسنس کے گاڑی کا انجن یا چیسس تبدیل کرنے پر بھی اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھایا جاسکتا ۔

ام القیوین میں شائع ہونے والی مزید خبریں