امارات میں کچھ ملازمین کے لیے 3 روزہ ویک اینڈ کا اعلان

کام کے اوقات پیر تا جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر 2.30 بجے تک ہوں گے

Sajid Ali ساجد علی منگل 21 مارچ 2023 15:26

امارات میں کچھ ملازمین کے لیے 3 روزہ ویک اینڈ کا اعلان
ام القوین ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 مارچ 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران کچھ ملازمین کے لیے 3 روزہ ویک اینڈ کا اعلان کردیا گیا، کام کے اوقات پیر تا جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر 2.30 بجے تک ہوں گے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ام القوین کی حکومت نے منگل کے روز رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اپنے ملازمین کے لیے سرکاری اوقات کار کا اعلان کیا ہے، ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ امارات میں تمام مقامی حکومتی ایجنسیوں میں رمضان المبارک کے دوران تین دن کا ویک اینڈ ہوگا جہاں ملازمین کو جمعہ سے اتوار تک چھٹیاں رہیں گے۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا ہےکہ کام کے اوقات پیر سے جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بج کر 30 منٹ تک ہوں گے، یہ فیصلہ سپریم کونسل کے رکن اور ام القوین کے حکمران شیخ سعود بن راشد المعلا کی ہدایات پر مبنی تھا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں ملازمین کو رمضان المبارک کے دوران ورک فرام ہوم کی اجازت بھی دی گئی ہے، رمضان کے مقدس مہینے میں جمعہ کے روز وفاقی حکومت کے ملازمین کی 70 فیصد تعداد گھر اور 30 فیصد ذاتی طور پر دفتر یا سائٹ سے کام کرے گی۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے رمضان المبارک میں جمعہ کے روز یونیورسٹیوں اور سرکاری اسکولوں میں طلباء کے لیے آن لائن کلاسز کے اوقات کار کا اعلان کیا، یہ پہلے سے طے شدہ امتحانات کی تاریخوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی اعلان کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کی ہدایت کے تحت ابوظہبی کے سرکاری ملازمین کے لیے رمضان المبارک کے دوران جمعہ کے روز سرکاری اوقات کار 70 فیصد ملازمین کیلئے گھر اور 30 فیصد کے لیے دفتر میں ہوں گے۔

اسی طرح دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے بھی دبئی کے سرکاری اداروں کو ریموٹ ورکنگ سسٹم نافذ کرنے کی ہدایت کی ہے، دبئی گورنمنٹ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ نے بھی اعلان کیا ہے کہ ماہ مقدس کے دوران سرکاری اوقات کار پیر سے جمعرات صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجکر 30 منٹ تک اور جمعہ کے روز صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک ہوں گے۔ اس حوالے سے وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل (FAHR) نے اس بات پر زور دیا تھا کہ وزارتیں اور وفاقی حکام اپنی مخصوص ضروریات کے تحت رمضان المبارک کے دوران لچکدار ورکنگ یا ریموٹ ورک شیڈول پر عمل درآمد کرسکتے ہیں۔

ام القیوین میں شائع ہونے والی مزید خبریں